ایلون مسک کی دولت میں 73کھرب

ٹرمپ کی جیت کیساتھ ہی ایلون مسک کی دولت میں 73کھرب روپے کا اضافہ

ویب ڈیسک: امریکی صدارتی انتخاب میں ایلون مسک کی چاندی، کملا ہیرس کے مقابلے میں ٹرمپ کی جیت کے ساتھ ہی ایلون مسک کی دولت میں 73کھرب روپے کا اضافہ ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی سے ٹیسلا اور سپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک کی دولت میں راتوں رات اربوں ڈالرز کا اضافہ ہوگےا۔ گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی جیت کا اعلان کرنے کے بعد ایلون مسک کو امریکا کا سٹار قرار دیا تھا، جنہوں نے انتخابی مہم کے دوران نہ صرف انہیں مالی مدد فراہم کی بلکہ ان کے لئے خود انتخابی مہم بھی چلائی تھی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی سے دنیا کے امیر ترین شخصیت ایلون مسک کی دولت میں صرف ایک دن میں 26.5 ارب ڈالرز (73 کھرب پاکستانی روپے سے زائد) کا اضافہ ہوا ہے۔ ایلون مسک امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے پر جوش حامی کے طور پر سامنے آئے۔ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لئے 11 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز عطیہ کئے جبکہ سیاسی ریلیوں میں بھی شرکت کی۔
بلومبرگ کے مطابق اب اس کا فائدہ بھی انہیں ہوا ہے اور 26.5 ارب ڈالرز اضافے کے ساتھ ان کی دولت290 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔ امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج کے بعد ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں 14.75 فیصد اضافہ ہوا۔ مجموعی طور پر 2 دن کے دوران اس کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں 18.81 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
دوسری طرف ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ کے حوالے سے قیاس آرائیوں اور ماہرین کی جانب سے اندازے لگانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، سوزی ولز نے ٹرمپ کی صدارتی مہم میں اہم کردار ادا کیا اور ممکنہ طور پر وہ ان کے آئندہ دورِ حکومت میں چیف آف سٹاف ہو سکتی ہیں جبکہ یہ کام سابق پالیسی ایڈوائزر بروک رولنز کے حوالے بھی کیا جا سکتا ہے۔
رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر بھی ٹرمپ کی کابینہ کا حصہ ہو سکتے ہیں، سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر اور ٹرمپ کے گزشتہ دورِ صدارت میں وزیر خارجہ رہنے والے مائیک پومپیو کو اس مرتبہ وزیرِ دفاع کے طور پر سامنے لایا جا سکتا ہے۔ ٹرمپ کی گزشتہ انتظامیہ میں جرمنی میں امریکی سفیر اور قومی انٹیلی جنس کے قائم مقام ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے رک گرینیل کو وزیر خارجہ یا قومی سلامتی کے مشیر کا امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک بھی کابینہ کا حصہ ہو سکتے ہیں جن کے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ مسک کا حکومت میں کردار ہوگا۔ اس پر ایلون مسک نے کہا تھا کہ ٹرمپ اور میں ایک محکمہ بنائیں گے جو فضول سرکاری اخراجات پر نظر رکھے گا۔ مسک نے اسے حکومت کی استعداد بڑھانے کا محکمہ قرار دیا تھا۔
یاد رہے کہ امریکی انتخابات میں‌ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے ساتھ ہی ایلون مسک کی دولت میں 73کھرب سے زائد کا اضافہ ہو گیا ہے.

مزید پڑھیں:  گورنر فیصل کنڈی اور امیر مقام وفاق سے صوبے کا حق لیں،بیرسٹر سیف