قرضوں کے آن لائن پورٹل کااجراء

احساس نوجوان سکیم کے تحت قرضوں کے آن لائن پورٹل کااجراء

ویب ڈیسک: احساس نوجوان سکیم کے تحت قرضوں کے آن لائن پورٹل کااجراء کر دیا گیا، نوجوان پروگرام تین سالہ منصوبہ ہے، جس پر تین ارب روپے لاگت آئے گی، بینک آف خیبر کے اشتراک سے ایک ارب روپے کی لاگت سے بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا سردار علی امین گنڈاپور نے نوجوانوں کو بااختیار اور باروزگار بنانے کے لئے احساس نوجوان سکیم کے تحت قرضوں کے آن لائن پورٹل کااجراء کردیا۔ نوجوان آسان شرائط پر قرضوں کے لئے آن لائن درخواستیں دے سکتے ہیں، نوجوان پروگرام تین سالہ منصوبہ ہے۔
منصوبے کے مطابق 18 سے 35 سال تک کی عمر کے تین سے پانچ نوجوانوں پرمشتمل کلسٹرز کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے، قرضے کی واپسی کے لیے آٹھ سالوں پر مشتمل آسان شیڈول رکھا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے نوجوانوں کے لئے چیف منسٹر یوتھ انٹرن شپ پروگرام کا بھی اجراء کردیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا وژن ہے کہ قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، جو لوگ اپنا گھر نہیں بنا سکتے ہم نے احساس کیا کہ انہیں گھر بنا کر دیں، مخدوش مالی صورتحال کے باوجود عوامی فلاح کے منصوبے شروع کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کو درجہ چہارم کی نوکری نہیں بلکہ اپنے کاروبار دینا ہے، ان کا کہنا تھا کہ آئیڈیاز لوگ لائیں گے، مواقع حکومت دے گی اور اس طرح آگے بڑھیں گے۔

مزید پڑھیں:  بابر سلیم سواتی کی صوبائی حکومت کو اے پی سی بلانے کی ہدایت