کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر مبینہ خودکش

کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر مبینہ خودکش دھماکہ، 21مسافر جاں بحق

ویب ڈیسک: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر مبینہ خودکش دھماکہ کے باعث 21مسافر جاں بحق جبکہ 40 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر مبینہ خودکش دھماکہ کے باعث خاتون سمیت 21 افراد جاں بحق جبکہ 40 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ریلوے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس نے اپنے مقررہ وقت پر 9 بجے پشاور کے لیے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی پلیٹ فارم پر لگی بھی نہیں تھی کہ دھماکہ ہو گیا، ان کا مزید کہنا ہے کہ دھماکہ ریلوے سٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا۔


دوسری جانب سول ہسپتال کوئٹہ کے ڈاکٹر نور اللہ کے مطابق ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، طبی امداد کے لیے اضافی ڈاکٹرز اور عملہ بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹرز نے دھماکے میں خاتون سمیت 21 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔ ایس ایس پی ریلوے پولیس کے مطابق بظاہر دھماکہ خود کش لگتا ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، انہوں نے اس سلسلے میِں اعلیٰ حکام سے رابطہ کرتے ہوئے واقعےکی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے متعدد واقعات میں ملوث عناصر تک پہنچ چکے ہیں، اور ان کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری ہیں، ان کا کہنا تھا کہ متعدد واقعات میں ملوث دہشت گرد پکڑے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبہ کو امن کا گہوارا بنائیں گے اور دہشتگردوں کا قلع قمع کر کے دم لیں گے۔ یاد رہے کہ کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر مبینہ خودکش دھماکہ کے باعث 21مسافر جاں بحق جبکہ 40 زخمی ہو گئے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم کی فرانسیسی صدر سے ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت