غزہ اور لبنان میں مہلک بمباری

اسرائیل کی غزہ اور لبنان میں مہلک بمباری، 75 افراد شہید

ویب ڈیسک: اسرائیل کی غزہ اور لبنان میں مہلک بمباری کا سلسلہ مزید تیز ہو گیا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دونوں علاقوں میں مزید 75 افراد شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے۔
غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مسلسل اسرائیلی بمباری سے مزید 23 فلسطینی شہید ہو گئے۔ صبح سے لے کر رات گئے تک اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی، نصیرات اور بیت لاہیہ کے علاقوں پر بارود برسایا، اس دوران جہاں 23 فلسطینی شہید ہوئے وہیں متعدد افراد زِخمی بھی ہوئے ہیں۔ مغربی کنارے میں بھی 2 فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔
غزہ میں اسرائیلی بربریت کے باعث شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 43 ہزار 508 ہو گئی ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی وحشیانہ بمباری کے باعث شہید ہونے والوں میں 70 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں۔ اسی وجہ سے اقوام متحدہ میں اسے بچوں کا قبرستان بھی کہا جاتا ہے۔ ایک رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ غزہ کو دوبارہ آباد ہونے میں مدتیں لگ جائیں گی.
دوسری طرف لبنان میں بھی صیہونیوں کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، اس بمباری سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 شہری شہید ہوئے، جبکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان پر فائر کیے گئے 2 ڈرون گرانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی نباتیہ اور طائر کے علاقوں میں بمباری سے طبی عملے کے رکن سمیت 3 شہری شہید ہوگئے۔لبنان پر داغے جانے والے میزائل شہری علاقوں میں بھی لگنے کی اطلاعات ہیں.
دوسری جانب جوابی کارروائی کرتے ہوئے لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کی رمات ڈیوڈ بیس، حیفہ میں نیول بیس اور فوجی ہوائی اڈاے کو نشانہ بنایا گیا۔ یاد رہے کہ اسرائیل کی غزہ اور لبنان میں مہلک بمباری کا سلسلہ مزید تیز ہو گیا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دونوں علاقوں میں مزید 75 افراد شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے۔

مزید پڑھیں:  مولانا فضل الرحمن کا حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا عندیہ