مسلمانوں کی فکری رہنمائی کیلئے

مسلمانوں کی فکری رہنمائی کیلئے علامہ اقبال کی خدمات یاد رکھی جائیں گی، گنڈاپور

ویب ڈیسک: ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 147 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، اس دن کی مناسبت سے وزیر اعلی سردار علی امین گنڈاپور نے پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں کی فکری رہنمائی کیلئے علامہ اقبال کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، علامہ محمد اقبال نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں بلکہ پوری امت مسلمہ کے ایک عظیم رہنما تھے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں میں اتحاد کا درس دیا اور اسلام کے حقیقی پیغام کو سمجھنے کی ترغیب دی، انہوں نے اپنی شاعری، افکار اور پیغامات کے ذریعے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا، برصغیر کے مسلمانوں کیلئے جداگانہ ریاست کا تصور ان کا گراں قدر کارناموں میں سے ایک ہے۔ عالم اسلام خصوصا برصغیر کے مسلمانوں کی فکری رہنمائی کیلئَے علامہ اقبال کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ علامہ اقبال ایک عظیم فلسفی، اسلام کے حقیقی مفکر، شاعر اور ایک مدبر سیاستدان تھے، انہوں نے نہ صرف نوجوانانِ ملت کی فکری رہنمائی کی بلکہ اسلام کے حقیقی تشخص کو بھی اجاگر کیا، ان کا کہنا تھا کہ آج ہمیں علامہ اقبال کے فلسفہ و افکار کو فروغ دینے اور ان کے پیغامات پر کاربند ہونے کی ضرورت ہے۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے علامہ اقبال کی سوچ وفکر کی پیروی کریں۔ یاد رہے کہ وزیر اعلی سردار علی امین گنڈاپور نے پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں کی فکری رہنمائی کیلئے علامہ اقبال کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی.

مزید پڑھیں:  باڑہ میں فائرنگ سے سرکاری سکول کا معلم جاں بحق