ویب ڈیسک: شہبازشریف اور بلاول بھٹو کی کوئٹہ دھماکہ کی مذمت، دھماکہ کوئٹہ کے ریلوے سٹیشن پر ہوا جس پر پولیس مبینہ طور پر خودکش دھماکے کا شبہ ظاہر کر رہی ہے، دھماکہ میں 21 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو اور وفاقی وزیر داخلہ نے کوئٹہ میں ریلوے سٹیشن پر دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ اس کے علاوہ وزیراعظم نے بلوچستان حکومت سے رپورٹ طلب کر لی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معصوم اور نہتے شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کو سخت قیمت ادا کرنا پڑےگی، دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر متحرک ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردانہ دھماکے میں اپنے پیاروں کے کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں، انہوں نے ہدایت کی کہ زخمیوں کے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسان کی شکل میں درندے ہیں، جو کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کی جنگ کے متعلق پیپلز پارٹی کا موقف قوم کی آواز ہے، دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کے علاوہ وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھِ واقعہ کی مذمت کی اور واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اطہار کیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نےکوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے میں اب تک 21 قیمتی جانیں ضائع ہو نے کی اطلاع ہے، بلوچستان میں پے در پے دہشت گردی کے واقعات نہ صرف ہمارے دلوں کو دہلا رہے ہیں بلکہ ملک کی سلامتی پر بھی سنگین سوالات کھڑے کرتے ہیں۔
شہبازشریف اور بلاول بھٹو کی کوئٹہ دھماکہ کی مذمت کے ساتھ ساتھ زخمیوں کے بہتر علاج معالجہ کی ہدایت بھی کی گئی ہے، ان کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی کوئٹہ ریلوے سٹیشن دھماکے کی شدید مذمت کی۔
Load/Hide Comments