پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین فیصلہ

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین فیصلہ کن ون ڈے کل کھیلا جائےگا

ویب ڈیسک: پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین فیصلہ کن ون ڈے کل کھیلا جائے گا، تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ کینگروز نے جبکہ دوسرا میچ شاہینوں نے اپنے نام کیا ہے۔ سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ کیلئے دونوں ٹیمیں بھرپور تیاریاں کئے ہوئے ہیں۔
میزبان ٹیم کے خلاف ایڈیلیڈ کے میدان میں کھیلا جانے والا دوسرا ایک روزہ میچ جیتنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم پرتھ پہنچ گئی، جہاں کل دونوں ٹیمیں سیریز اپنے نام کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گی۔ تین میچوں کی سیریز کا فیصلہ کن ٹاکرا کل پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہو گا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین فیصلہ کن میچ اور ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ پرتھ کے میدان پر پاکستانی ٹیم کی کامیابی کا ریکارڈ ملا جلا ہے۔ گزشتہ میچ میں کامیابی کے بعد پاکستانی کرکٹرز کا مورال بلند ہے۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی وکٹ کیپر اور کپتان محمد رضوان نے ایک میچ میں سب سے زیادہ کیچ پکڑنے کا ورلڈ ریکارڈ برابر کر دیا۔ ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں محمد رضوان نے 6 کیچ پکڑے، رضوان اگر آسٹریلوی بیٹر ایڈم زیمپا کا کیچ نہ گراتے تو ورلڈ ریکارڈ بنا سکتے تھے۔یاد رہے کہ اس سے قبل ایڈم گلکرسٹ، مارک باؤچر، ایلک سٹیورٹ، میٹ پرائیر، جوز بٹلر، سرفراز احمد، کوئنٹن ڈی کاک اور میتھیو کراس بھی ایک میچ میں 6 کیچ پکڑ چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  بیرسٹر گوہر کی لاتعلقی کافی نہیں، اموات کے ثبوت سامنے لائیں،خواجہ آصف