ویب ڈیسک: قطر میں آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے کے بعد محمد آصف وطن واپس پہنچ گئے، ائیر پورٹ پر کوئی حکومتی نمائندہ استقبال کے لئے نہیں آیا ۔
کراچی ائیرپورٹ پر پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ان کا استقبال کیا لیکن وفاقی یا صوبائی حکومت کا کوئی نمائندہ موجود نہ تھا جس پر آصف نے افسوس کا اظہار کیا۔
محمد آصف نے قطر میں ہونے والے ایونٹ کے فائنل میں ایرانی کیوئسٹ کو شکست دے کر تیسری مرتبہ ورلڈ ٹائٹل جیتا تھا اور آصف نے اب اپنی نظریں چوتھا ٹائٹل جیت کر ریکارڈ بنانے پر مرکوز کرلی ہیں۔
کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا گفتگو میں محمد آصف نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے آغاز میں کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن بعد میں فارم میں آنے کے بعد کامیابی ملی۔
انہوں نے کہا کہ پی بی ایس اے نے انہیں بھرپور سپورٹ فراہم کی، چیئرمین عالمگیر شیخ نے روانگی سے پہلے تیسری بار ٹائٹل جیتنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
ائیرپورٹ پر حکومتی نمائندے کی غیر موجودگی پر ان کا کہنا تھا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ ایک ورلڈ چیمپئن کے استقبال کے لیے کوئی نہیں آیا اگر چیمپئنز کے ساتھ یہ رویہ ہوگا تو نوجوان کھلاڑی کیسے حوصلہ پائیں گے۔
محمد آصف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چیمپئن پلیئرز کی مناسب حوصلہ افزائی کرے اور ان کے انعامات پر نظرثانی کرے۔ انہوں نے تیسری بار ورلڈ ٹائٹل جیتنے کے بعد مزید اعتماد کے ساتھ کہا کہ اب ان کا ہدف چوتھا ورلڈ ٹائٹل جیتنا ہے اور ایک ایسا ریکارڈ بنانا چاہتے ہیں جو پاکستان کے لئے باعث فخر ہو۔
Load/Hide Comments