ویب ڈیسک: حکومت نے کوئٹہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد دہشت گردوں کا سر پوری قوت سے کچلنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرداخلہ کی زیر صدارت منعقدہ اہم اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق اجلاس میں شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی، اجلاس میں دہشتگردوں کا سر کچلنے کے لیے پوری طاقت سے فیصلہ کن اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بڑھائے جائیں گے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے بلوچستان حکومت سے ہرممکن تعاون کریں گے، بلوچستان حکومت کو ترجیحی بنیاد پر ضروری وسائل کی فراہمی کا اعلان کرتا ہوں۔
وزیر اعلی بلوچستان کا کہنا تھا وفاقی حکومت کے تعاون سے پولیس اور لیویز کی پیشہ وارانہ استعداد بڑھانے کے اقدامات کریں گے، دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کریں گے، پرعزم ہیں کہ بلوچستان سے دہشتگردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔
Load/Hide Comments