غزہ میں فوری جنگ بندی کویقینی بنانا ہوگا،اسحاق ڈار

ویب ڈیسک:نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مشرق وسطی کے حالات ابتر ہوچکے ہیں، غزہ میں فوری جنگ بندی کویقینی بنانا ہوگا۔
سعودی عرب کے شہر ریاض میں دوسرے عرب اسلام سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اسرائیل عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کر رہا ہے، اسرائیلی فورسز غزہ میں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہیں۔
نائب وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کوجنگی جرائم پرجواب دہ ٹھہرایا جائے، پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کازکی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہیں، فلسطینی بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان نے فلسطینی بھائیوں کے لیے امدادی سامان پرمشتمل12کھیپ بھیجیں۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کو شہید کرچکا ہے، فلسطین کازکے لئے عرب لیگ اور او آئی سی کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، فلسطینیوں کے حقوق کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا، غزہ میں فوری جنگ بندی کو یقینی بنانا ہوگا۔

مزید پڑھیں:  حکومت عوام اور نجی شعبے کے تعاون کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی، علی امین