خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش، 2 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش و ژالہ باری سے موسم سرد ہو گیا، لوگوں نے گرم شال اور دیگر ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا۔
باجوڑ، خال، دیر لوئر، رستم اور صوابی سمیت صوبہ کے دیگر اضلاع میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ باجوڑ میں گرج چمک کیساتھ تیز بارش شروع ہو گئی ہے، اس دوران ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے، ان کی شناخت اسمعیل ولد صاحب اور حمزہ ولد ہارون کے نام سے ہوئی ہیں۔
ضلع باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہونے والے دونوں چچا اور بھتیجا تھے۔ دونوں پہاڑی کو گائے جانور پالنے کے لیے چلے گئے تھے کہ آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہو گئے۔ اس کے ساتھ ہی باجوڑ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں۔
ادھر خال ور گردونواح میں رات گئے بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو صبح تک وقفہ وقفہ سے جاری رہا، بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ لوگوں نے گرم کپڑے، کمبل اور سویٹر وغیرہ کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ خشک میوہ جات پر بھی رش بڑھنے لگا۔
ضلع مردان کی تحصیل رستم میں بھی بارش و ژالہ باری ہونے سے آس پاس کے علاقوں میں بھی موسم سرد ہو گیا۔ رستم شہر اور گرد و نواح میں تیز طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش و شدید ژالہ باری ہوئی، جس سے موسم سرد ہو گیا تاہم اس سے کھڑی فصلوں اور باغات کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ رستم میں بارش کی پہلی بوند گرتے ہی بجلی غائب ہے۔
ضلع صوابی کے علاقوں مانیری، ٹوپی اور گدون میں کالے بادل جم کر برسنے لگے، بارش سے قبل دن کے وقت رات جیسا اندھیرا چھا گیا اور اس کے ساتھ ہی بارش شروع ہو گئی۔ صوبی شہر و گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کے ساتھ شدید ترین ژاله باری بھی ہوئی۔ بارش سے ندی نالوں میں طغیانی بھی دیکھی جا رہی ہے۔
ادھر ضلع لوئر دیر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، ژالہ باری کی وجہ سے ٹماٹر اور دیگر فصلوں کو نقصان پہنچا، تاہم اس موقع پر زمینداروں کی جانب سے حکومت سے مالی امداد کا مطالبہ کیا جانے لگا ہے۔ بارش سے وادی تالاش میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش، آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ بعض مقامات سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کی خبریں بھِ گردش کرنے لگی ہیں۔

مزید پڑھیں:  پی پی139 شیخوپورہ کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کا امیدوار کامیاب