ویب ڈیسک: صوبہ بھر کے تمام محکموں کے لیگل ایڈوائزر فارغ کر کے ان کی جگہ آئی ایل ایف کے وکلاءتعینات کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں تمام سرکاری اداروں کو اپنے موجودہ تمام قانونی مشیر فارغ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی جگہ 356 انصاف لائرز فورم کے تجویز کردہ وکلاءکو تعینات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ خیبر پختونخوا میں تیسری حکومت بنانے کے بعد ایڈوکیٹ جنرل، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل اور اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل کے عہدوں پر انصاف لائرز فورم کے وکلاءکو تعینات کیا گیا ہے۔
حکومت بننے کے بعد تقریبا40وکلاءکو تعینات کیا اور کچھ عرصہ قبل بھی تقریبا 20وکلاءکو تعینات کیا گیا۔ ایڈوکیٹ جنرل کی تنخواہ 14لاکھ سے زائد ، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کی تنخواہ 6لاکھ سے زائد جبکہ اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل کی تنخواہ 4لاکھ سے زائد ہے۔ ان وکلاءکی مراعات تنخواہوں کے علاوہ ہیں۔
سرکاری محکموں میں لیگل ایڈوائزرز کی تعیناتی کے حوالے سے انصاف لائرز فورم نے حکومت کو فہرست جمع کرائی تھی، جس پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں منگل کے روز انصاف لائرز فورم کے سینئر رہنما قاضی انور ایڈوکیٹ نے اس بابت اہم اجلاس بھی طلب کرلیا ہے، تاہم اس اجلاس سے قبل ہی صوبائی حکومت نے انصاف لائرز فورم کے مجوزہ وکلاءکی تعیناتی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری کی سربراہی میں 8نومبر کو ہونیوالے اجلاس میں متعدد سرکاری محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ وہ تمام لیگل ایڈوائزرز جو انصاف لائرز فورم سے تعلق نہیں رکھتے انہیں عہدے سے ہٹا دیا جائیگا اور ان کی جگہ انصاف لائرز فورم کی فراہم شدہ فہرست کے مطابق وکلاءکو تعینات کیاجائیگا ۔
انصاف لائرز فورم کی جانب سے فراہم کردہ فہرست کے مطابق سوات میں 60، مردان میں 31، بنوں میں 28، ڈیرہ اسماعیل خان میں 25، پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور چارسدہ میں 24،24، شانگلہ اورباجوڑ میں 21، 21، ملاکنڈ اور صوابی میں 19،19، اپر اور لوئر دیر میں 18،18، ٹانک اور ہری پور میں 13،13جبکہ اپر چترال اور نوشہرہ میں 11،11وکلاءکی لسٹ انصاف لائرز فورم نے فراہم کی ہے۔
مذکورہ لیگل ایڈوائزرز کی تنخواہ ماہانہ 35ہزار سے لیکر دو لاکھ روپے تک ہوتی ہے اور یہ وکلاءمتعلقہ محکموں کی عدالتوں میں پیروی کرتے ہیں کئی وکلاءایک وقت میں ایک سے زائد محکموں کے لیگل ایڈوائزر بھی ہوتے ہیں جبکہ اپنے کیسز کی پیروی بھی کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ صوبہ بھر کے تمام محکموں کے لیگل ایڈوائزر فارغ کر کے ان کی جبہ آئی ایل ایف کے وکلاءتعینات کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
Load/Hide Comments