ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی فی الحال ممکن نظر نہیں آتی، تاہم ملکی سیاست میں کسی بھی وقت تبدیلی آسکتی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے لندن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے کسی ڈیل کا علم نہیں ہے، سنی سنائی باتوں پر تبصرہ نہیں کرسکتا، مظاہرے اور جلسے پی ٹی آئی کا حق ہے، اس سے ان کو نہیں روکنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عوام میں جارہے ہیں، نومبر کے آخر میں سکھر اور 8 دسمبر کو پشاور میں جلسہ کریں گے، ہمارے جلسوں کے بعد ملین مارچ تو بس ایک نام رہ جائے گا۔
سربراہ جمعیت نے واضح کیا کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان کی بہنوں کی ضمانت میں میرا کوئی کردار نہیں ہے،26ویں آئینی ترمیم سے متعلق مذاکرات کے بعد اپوزیشن کو ریلیف ضرور ملا۔
مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ دورہ برطانیہ پر نواز شریف سے ملاقات طے نہیں، لیکن ہو بھی جاتی ہے تو کوئی مضائقہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیریوں کو اب خود ہی کچھ کرنا ہوگا۔
Load/Hide Comments