ویب ڈیسک: ملک بھر کے اکثر علاقوں میں شدید دھند اور سموگ سے فضائی و ٹرین سفر متاثر ہو رہا ہے، جبکہ بعض مقامات پر موٹرویز بھِی بند کر دی گئی ہیں۔ لاہور بدستور دنیا بھر میں آلودہ ترین شہروں میں نمبر ون ہے جبکہ سندھ اور خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع بھی شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے، جس سے ان علاقوں میں سفر کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے حساب سے آج بھی لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے، لاہور میں ائیرکوالٹی انڈیکس1045پر ریکادڑ کی گئی تاہم صبح 8 بجے لاہور میں ریکارڈ کیے گئے پارٹیکولیٹ میٹرز کی تعداد 910 رہی۔ فضائی آلودگی میں ملتان دوسرے نمبر پر رہا، جہاں 806 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کیے گئے۔ شدید دھند اور سموگ سے فضائی و ٹرین سفر متاثر ہو رہا ہے۔
ادھر شدید دھند اور سموگ کی وجہ سے موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک جبکہ ایم 4 عبدالحکیم سے شیر شاہ تک، اور ایم 5 شیر شاہ سے سکھر اور سیالکوٹ موٹروے کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 10 سے زائد پروازیں بھی متاثر ہوئیں، اس وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
شدید موسم کی خراب صورت حال کی وجہ سے 4 پروازیں منسوخ اور ایک کو متبادل ایئر پورٹ پر اتارا گیا۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق سموگ کی وجہ سے 39 ملکی اور غیر ملکی پروازیں تاخیر کا بھی شکار ہوئیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق جدہ سے ملتان کی غیر ملکی ایئر لائن اور پی آئی اے کی ریاض سے لاہور کی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
ملک میں جاری سموگ اور دھند کی لہر کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت میں گھنٹوں تاخیر ہو رہی ہے جس سے مسافر کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مختلف شہروں میں دھند اور سموگ کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت تاخیر کا شکار ہے۔
Load/Hide Comments