پنجاب بھر میں نجی و سرکاری

سموگ کے باعث پنجاب بھر میں نجی و سرکاری سکول بند

ویب ڈیسک: سموگ کے باعث پنجاب بھر میں نجی و سرکاری سکول بند کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
سموگ کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے، اس سے نہ صرف چند شہر بلکہ اب پورا پنجاب متاثر ہو رہا ہے، زہرلی فضا میں سانس لینا بھی محال ہوتا جا رہا ہے، جس سے پنجاب بھر میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، فضائی آلودگی سے تعلیمی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں، بڑھتے سموگ کے باعث پنجاب بھر میں نجی و سرکاری سکولز بند کر دیئے گئے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ سموگ کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر تمام اضلاع میں سکولز بند کر رہے ہیں، یہ فیصلہ اضلاع کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی روشنی میں کیا گیا، ان کا کہنا تھا اس بات کا شدید احساس ہے کہ سکول بند کرنے سے تعلیمی نقصان ہوگا لیکن موجودہ حالات میں یہ اقدام بچوں کی صحت کے حوالے سے اٹھا رہے ہیں۔
صوبائِی وزیر تعلیم کے مطابق بچوں کو سموگ کے مہلک اثرات سے بچانے کیلئے یہ انتہائی فیصلہ کرنا پڑا، عوام کو بھی شعور کا مظاہرہ کرنا ہوگا، اپنی گاڑیوں کی فٹنس یقینی بنائیں، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ انسداد سموگ کیلئے جو اپنے طور پر کیا جا سکتا ہے کم از کم وہ تو کریں۔
رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ حکومت بچوں اور عوام کی سیفٹی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، عوام تعاون کریں، آن لائن تدریس میں مشکلات کے پیش نظر متبادل سٹریٹیجی جلد لا رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ سموگ کے باعث تمام سرکاری اور نجی سکولز 17 نومبر تک بند رکھے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  شاہ محمود قریشی کوٹ لکھپت سے اڈیالہ جیل منتقل