کالعدم جماعت الاحرار پشاور پولیس لائنز

کالعدم جماعت الاحرار پشاور پولیس لائنز دھماکے میں ملوث ہے، آئی جی کےپی

ویب ڈیسک: آئی جی پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان گنڈاپور نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 2 سال قبل پشاور پولیس لائنز خودکش دھماکے کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ان کا کہنا تھا کہ کالعدم جماعت الاحرار پشاور پولیس لائنز دھماکے میں ملوث ہے، کالعدم تنظیم کے سہولت کار پولیس کانسٹیبل محمدولی عمر کو گرفتار کرلیا ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پشاور پولیس لائنز میں خودکش دھماکے میں 86 پولیس اہلکار شہید اور 249 زخمی ہوئے تھے، اس حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ سی ٹی ڈی نے پشاور شہر میں اہم کارروائی کرتے ہوئے خودکش دھماکے میں سہولت کاری کرنے والا ملزم گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فتنہ الخوارج کی ذیلی تنظیم کالعدم جماعت الاحرار پشاور پولیس لائنز دھماکے میں ملوث ہے، ان کا کہنا تھا کہ گرفتار کانسٹیبل جس کا تعلق ڈسٹرکٹ پولیس پشاور سے ہے، اس نے 2 لاکھ روپے لے کر خودکش بمبار کو ریکی کروائی اور اسے منزل تک پہنچایا تھا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کالعدم جماعت الحرار نے گرفتار سہولت کار کی ذہن سازی کی، اس کے علاوہ گرفتار سہولت کار افغانستان کے مختلف شہروں میں جماعت الحرار کے اڈوں پر بھی گیا، انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار ہونے والے سہولت کار محمد ولی عمر کو افغان فورسز نے گرفتار کیا، تاہم جماعت الحرار کے کہنے پر چھوڑا گیا۔

مزید پڑھیں:  عمران خان کا 13دسمبر کو پشاور میں عظیم الشان اجتماع کا اعلان