ویب ڈیسک: پشاور ہائی کورٹ نے اثاثہ جات کیس میں علی امین کے وکیل کی مہلت درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کے خلاف اثاثہ جات کیس میں ان کے وکیل کو تیاری کا وقت دینے کی درخواست منظور کرلی۔ ہائیکورٹ میں وزیراعلی کو اثاثہ جات کیس میں الیکشن کمیشن کے نوٹس کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ ان کو نوٹس جاری کیا گیا تھا کہ آپ آئیں اور ہمارے ساتھ ایک کپ چائے پیئیں، اور کچھ نہیں لکھا۔ وکیل کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کی گومل ڈیم کے پاس زمین ہے، جو یہ قانونی طور پر نہیں لے سکتے، اس کا معاملہ ہے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کہہ رہے ہیں کہ زمین بیچ دی ہے، اب وہ اس کے مالک نہیں، جبکہ یہ 735 کنال زمین ہے اور آصف نامی شخص اس میں بے نامی دار تھا۔ ملک اختر حسین ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ مجھے آج ہی فائل ملی ہے، اس کیس میں وکالت نامہ جمع کروں گا، مجھے تھوڑا وقت دے دیں۔ پشاور ہائی کورٹ نے علی امین کے وکیل کی مہلت درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کے خلاف سالانہ گوشواروں میں غلط بیانی اور اثاثے چھپانے کے الزام میں نااہلی کی کارروائی جاری ہے۔ ان کے مخالف امیدوار نے مالی اثاثے ظاہر نہ کرنے کے الزام میں نیب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف درخواست دائر کی جس کے مطابق علی امین 735 کنال زمین کے مالک تھے لیکن انہوں نے وہ زمین گوشواروں میں ظاہر نہیں کی۔
Load/Hide Comments