وزیراعلیٰ کیخلاف احتجاج کا فیصلہ واپس

اختلافات ختم، آئی ایل ایف نے وزیراعلیٰ کیخلاف احتجاج کا فیصلہ واپس لے لیا

ویب ڈیسک: آئی ایل ایف نے وزیراعلیٰ کیخلاف احتجاج کا فیصلہ واپس لے لیا، تمام اختلافات ختم ہو گئے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف محکموں میں انصاف لائرز فورم کے 100 ممبران لیگل ایڈوائزر تعینات کردیے گئے ہیں، آئی ایل ایف نے اس اقدام پر وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف احتجاج کا فیصلہ واپس لے لیا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے محکموں میں انصاف لائرز فورم کے وکلاء کو لیگل ایڈوائرز تعینات نہ کرنے پر آئی ایل ایف کے صوبائی صدر قاضی انور ایڈووکیٹ نے آڈیو پیغام جاری کر کے وزیراعلی کیخلاف احتجاج کا عندیہ دیا تھا۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آئی ایل ایف نے 278 ممبران کی فہرست دی تھی جن میں سے 100 سے زائد آئی ایل ایف ممبران صوبائی محکموں کے لیگل ایڈوائزر مقرر کر دیئے گئے ہیں جبکہ وزیراعلی علی امین کی جانب سے مزید بھی تعیناتیوں کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ اس پر انصاف لائرز فورم اور وزیراعلی میں اختلافات ختم ہوگئے۔
انصاف لائرز فورم کی جانب قاضی انور کی زیر صدارت اجلاس بھی منعقد ہوا تھا جس میں قاضی انور نے شرکا کو بتایا کہ وزیراعلی نے رابطہ کرلیا ہے اور غلط فہمی دور ہوگئی، کیونکہ جس نمبر پر میں نے وزیراعلیٰ کو پیغام بھیجا تھا وہ موبائل خیبرپختونخوا ہاؤس واقعے میں وزیراعلیٰ سے چوری ہو چکا ہے۔
سینئر قانون دان قاضی انور ایڈووکیٹ نے اجلاس میں کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈا پور نے آئی ایل ایف کے لیے بہت کام کیا اور اب بھی وزیراعلی نے ہماری فہرست پر عملدرآمد شروع کیا ہے۔ یاد رہے کہ آئی ایل ایف نے وزیراعلیٰ کیخلاف احتجاج کا فیصلہ واپس لے لیا، تمام اختلافات ختم ہو گئے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخواکابینہ:ڈی چوک کے جاں بحق اور زخمیوں کیلئے پیکج کی منظوری