ذمہ دار وزیراعظم، آئی جی پنجاب

حبس بے جا میں رکھنے کے ذمہ دار وزیراعظم، آئی جی پنجاب ہیں، عمر ایوب

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کو حبس بے جا میں رکھنے کے ذمہ دار وزیراعظم اور آئی جی پنجاب ہیں ۔
پارٹی رہنماء شبلی فراز ،اسد قیصر اور صاحبزادہ حامد رضا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ہم عدالت کے حکم پر عمران خان سے ملاقات کے لیے جیل گئے تھے ۔
عمرایوب کا کہنا تھا کہ آج ہماری ملاقات نہ کرانا عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے، اپوزیشن رہنماؤں کوحبس بیجا میں رکھنے کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے، آئی جی پنجاب،آئی جی جیل خانہ جات اورہوم سیکرٹری کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس عدالت کے آرڈرز بھی موجود تھے، اڈیالہ جیل انتظامیہ سے کہا عدالتی حکم پر ہماری بانی سے ملاقات کرائی جائے لیکن انکار کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر پولیس اہلکاروں نے ملک احمد بھچر کو بازو سے پکڑ کر گھسیٹا، پولیس اہلکاروں سے کہا آپ غیر قانونی کام کر رہے ہیں، پولیس اہلکار نے کہا ہم مجبور ہیں،اس واقعہ کے وزیراعظم شہبازشریف اورآئی جی پنجاب ذمہ دار ہیں، ہمیں حبس بیجا میں رکھا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم قومی اسمبلی اورسینیٹ اجلاس کی ریکوزیشن جمع کرائیں گے، ہم جوڈیشل کمیشن کیممبران ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان کوبھی خط لکھیں گے، انہوں نے دفعہ 144 کا بہانہ بنایا اورہمیں یرغمال بنایا۔
اس موقع پر سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ یہ سلوک ہمارے ساتھ نہیں پاکستان کےآئین کیساتھ ہوا، اپوزیشن رہنماؤں کوگھسیٹ کر گرفتار کیا گیا، دکھ ہوا پاکستان کس قسم کا ملک بن گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  آریانا سبالینکا نے ڈبلیو ٹی اے پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا