ویب ڈیسک: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت مواصلات اور پاکستان پوسٹ سمیت دیگر اداروں کے لیے اربوں روپے مالیت کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزارت خزانہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جہاں وزارت مواصلات (پاکستان پوسٹ)کے لیے 16.995ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ای سی سی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے لیے بھی 1.317 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظور ی دی، یہ گرانٹ مالی سال 2024-25 کے دوران سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بلدیاتی ضمنی انتخابات اور اسلام آباد اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں منظور کی گئی ہے۔
اجلاس میں ایف بی آر کے لیے بھی پانچ مختلف سمریوں کی منظوری دی گئی، منظور کردہ سمریاں ایف بی آر ٹرانسفارمیشن منصوبے کا حصہ ہیں، جس کی وزیر اعظم پہلے ہی منظوری دے چکے ہیں۔
ای سی سی کی جانب سے منظورکردہ کردہ سمریوں میں ایف بی آر کی آپریشنل مہارت اور تنظیمی صلاحیتوں میں بہتری، ایف بی آر افسران کے لیے کارکردگی مینجمنٹ نظام، ایف بی آر افسران کے لیے استعداد کار بڑھانے کا پروگرام، ایف بی آر کے تبدیلی منصوبے کے تحت انسداد اسمگلنگ اقدامات اور ایف بی آر افسران کے لیے نقل و حرکت اور عارضی رہائش کا انتظام شامل ہے۔
اجلاس میں ایف بی آر کی تمام پانچوں تجاویز پر تفصیلی غور و خوض کے بعد اصولی منظوری دی گئی تاہم اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ مالی سال کے اگلے بجٹ سے قبل ان تجاویز پر عمل درآمد اور ان کے اثرات کا تیسری پارٹی کے ذریعے جائزہ لیا جائے گا۔
Load/Hide Comments