بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان ضرور

بھارت کے ساتھ تعلقات سدھارنے کی ضرورت ہے،نواز شریف

ویب ڈیسک: ن لیگ کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تعلقات سدھارنے کی ضرورت ہے،بھارتی کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان ضرور آنا چاہئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ ماضی میں تعلقات اگر بگڑے ہیں تو انہیں سنوارنے کی ضرورت ہے، ہمیں کسی سے تعلقات خراب رکھ کے کرناکیاہے؟
سابق وزیراعظم نے ٹرمپ کی بطور امریکی صدر کامیابی کے سوال پر کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات اچھے ہونے چاہئیں، ماضی میں دونوں ممالک کے تعلقات اچھے تھے مگر اب ان کے مزید بہتر ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دوسرے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھی تعلقات اچھے ہونے چاہئیں ،لوگ بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
نواز شریف نے لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی گاڑی پر حملے سے متعلق کہا کہ یہ انتہائی بدتمیزی کا کلچر ہے جس کا پروان چڑھنا ہماری بدقسمتی ہے، اپوزیشن میں بیٹھی جماعت نے اپنے دور حکومت میں اس کو پروان چڑھایا اور اب اسکو مزید بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے لڑکوں کو اس کام پر لگادیا ہے کہ وہ گاڑیوں کے پیچھے بھاگ رہے ہیں اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ جائو لوگوں کی پگڑیاں اچھالو، اگر ان کی قسمت میں احتجاج لکھا ہے تو پھر کسی اچھے طریقے سے کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی رہنماؤں کی راہداری ضمانت منظور، مقدمات کی رپورٹ طلب