آلودہ ترین شہروں میں لاہور

آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا دوسرا نمبر، دہلی سرفہرست

ویب ڈیسک: آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا دوسرا نمبر جبکہ دہلی سرفہرست پوزیشن پر آ گیا۔ یہ تبدیلی رات دیر گئے ہوئی، ایئر کوالٹی انڈیکس ریٹ کے مطابق آلودہ ترین شہروں میں بھارتی دارالحکومت دہلی نمبر ون پوزیشن پر آ گیا۔ بھارتی دہلی کا ائیر کوالٹی انڈیکس 1267 جبکہ لاہورکا تناسب 644 ریکارڈ کیا گیا۔
عالمی سطح پر لاہور دوسرا جبکہ ملکی سطح پر اس سلسلے میں تیار کی جانیوالی فہرست میں لاہور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں نمبر ون ہے، لاہور کے بعد ملتان جبکہ اسلام آباد کا تیسرا نمبر ہے، آلودہ ترین شہروں کی ملکی فہرست میں راولپنڈی کا چوتھا اور پشاور کا پانچوں کا نمبر ہے۔
عالمی سطح پر آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا دوسرا نمبر ہے، صوبہ پنجاب بھر کے میدانی علاقوں میں شدید دھند اور سموگ کا راج برقرار ہے، ذرائع مواصلات اسی وجہ سے متاثر ہورہے ہیں، موٹرویز مختلف مقامات پر بند جبکہ فضائی ٹریفک بھی متاثر ہونے لگی ہے، ریلوے مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2، ایم 3، ایم 4 اور ایم 5 سمیت دیگر شاہراہوں کو مختلف مقامات پر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ سموگ اور دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر موٹر وے ایم 2 کو لاہور سے شیخوپورہ، موٹر وے ایم 4 کو لاہور سے درخانہ، ایم 11 کو سمبڑیال تک بند کیا گیا ہے۔
دھند اور سموگ کی وجہ سے موٹر ویز بند ہونے پر موٹر وے پولیس کے ترجمان نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ سموگ اور دھند کے سیزن میں رات کی بجائے دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، رات کو سفر ناگزیر ہو تو کریں اور ایسی صورت میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
یاد رہے کہ سموگ کے باعث پنجاب بھر میں تعلیمی نظام شدید متاثر ہے، تمام سکول بند کر دیئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ دوسری طرف صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی سموگ اور دھند کا راج ہے۔

مزید پڑھیں:  نرگس فخری کی بہن دہرے قتل کے جرم میں گرفتار