پاکستان میں اپنے سیکورٹی اہلکار تعینات

پاکستان میں اپنے سیکورٹی اہلکار تعینات کرنے پر چین کا اصرار

ویب ڈیسک: پاکستان میں چینی شہریوں پر ہونے والے حملوں کے بعد پاکستان میں اپنے سیکورٹی اہلکار تعینات کرنے پر چین کا اصرار بڑھنے لگا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین نے گزشتہ ماہ کراچی میں چینی انجینئرز پر ہونے والے حملے کے بعد ایک بار پھر پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے اپنی فورس تعینات کرنے پر زور دیا ہے۔ اس حوالے سے جاری رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چین نے گزشتہ ماہ کراچی میں حملے کے بعد پاکستان میں اپنے باشندوں پر حملے روکنے میں ناکامی پر ناراضی کا اظہار کیا اور پاکستان کو مشترکہ سیکیورٹی مینجمنٹ سسٹم کے لئے مجبور کیا تھا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ روئٹرز کے مطابق پاکستان کے پانچ سیکیورٹی اور حکومتی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس حوالے سے تفصیلات فراہم کی ہیں۔ چینی باشندوں پر حملے کے بعد پاکستان اور چین کے درمیان مذاکرات میں شریک ایک سرکاری اہلکار نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ پاکستان میں اپنے سیکورٹی اہلکار تعینات کرنے پر چین کا اصرار بڑھنے لگا ہے، تاہم پاکستان کی جانب سے تاحال دوست ملک کے اصرار اور پیشکش سے اتفاق نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب پاکستان یا چین کی جانب سے بھی تاحال دوطرفہ مذاکرات کے حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔ روئٹز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ دونوں ممالک مشترکہ سیکورٹی مینجمنٹ سسٹم قائم کریں گے، لیکن اس بات پر اتفاق نہیں کیا جا سکا کہ چین کی سکیورٹی فورسز پاکستان میں تعینات ہوں۔

مزید پڑھیں:  اپنی جنس کے ازخود تعین کی اسلام میں اجازت نہیں،اسلامی نظریاتی کونسل