جعلی حکومت کی سیاسی نعش

آخری وقت آن پہنچا، جعلی حکومت کی سیاسی نعش علی امین دفنائیں گے

ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ احتجاج کی فائنل کال کے بعد ملک میں جہاں آئین و قانون کا بول بالا ہوگا، وہیں جعلی حکومت کی سیاسی نعش علی امین دفنائیں گے، ان کی حکومت کا آخری وقت آن پہنچا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کی فائنل کال کے حوالے سے خیبرپختونخوا میں تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی کمی نہ رہ جائے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ان تمام تر تیاریوں کی نگرانی خود کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بس صرف عمران خان کی فائنل کال کا انتظار ہے، اس کے بعد خیبر پختونخوا سے احتجاج کا بھرپور اور ناختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگا۔ احتجاج کی فائنل کال کے ساتھ ہی ملک بھر میں آئین کا بول بالا بھی ہوگا۔
صوبائِی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی فائنل کال جعلی حکومت کے جنازے کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی، اور اس کے بعد جعلی حکومت کی سیاسی نعش علی امین دفنائیں گے، اب چاہے کچھ بھی ہو ان کی حکومت کا آخری وقت آن پہنچا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جعلی مقدمات کا خاتمہ اور مینڈیٹ چوروں کا کڑا احتساب ہوگا، فائنل کال اتنی شدید ہوگی کہ شاید جعلی راج کماری مریم نواز اور ان کے ابا جنیوا سے واپسی موخر کر کے وہیں رہنے میں عافیت سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قائدین کی گزشتہ روز گرفتاری جعلی حکومت کی حواس باختگی ظاہر کرتی ہے۔

مزید پڑھیں:  سندھ ہائیکورٹ نے عارف علوی کو گرفتار کرنے سے روک دیا