ویب ڈیسک: ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد اداروں میں نامزدگیاں شروع کر دیں، اس حوالے سے ٹرمپ نے نئے سی آئی اے سربراہ سمیت ایلچی برائے مشرق وسطیٰ نامزد کر دیئے۔ اسرائیل کیلئے سفیر بھی الگ سے مقرر کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نومنتخب امریکی صدر نے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ سمیت مشرق وسطیٰ کیلئے ایلچی اور اسرائیل میں اپنے سفیر کے کیلئے نامزدگیاں کر دیں۔ انتخابی مہم کے ڈونر اور رئیل سٹیٹ ٹائیکون سٹیووٹکوف کو مشرق وسطیٰ کیلئے خصوصی ایلچی نامزد کر دیا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سٹیو وٹکوف امن کیلئے ایک ان تھک آواز ہوں گے اور ہم سب کیلئے فخر کا باعث بنیں گے۔ عرب میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مشرق وسطیٰ کیلئے ایلچی نامزد ہونے والے 67 سالہ سٹیووٹکوف کو اس سے قبل باضابطہ سفارت کاری یا خارجہ پالیسی کا کوئی تجربہ نہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مغربی کنارے کے وجود سے انکاری اور حماس سے جنگ بندی کے مخالف اسرائیل نواز سابق گورنر مائیک ہکابی جان کو اسرائیل کیلئے امریکی سفیرنامزد کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مائیک ہکابی بہترین پبلک سرونٹ اور گورنر رہ چکے ہیں، وہ اسرائیل سے محبت کرتے ہیں اور اسرائیل کے لوگ انہیں چاہتے ہیں۔ وہ بہتر انداز میں معاملات سنبھال سکتے ہیں۔
مائیک ہکابی کی بیٹی سارہ ہکابی سینڈرز اس وقت امریکی ریاست ارکنساس کی گورنر ہیں، وہ 2017 سے 2019 تک ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دور حکومت میں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری بھی رہ چکی ہیں۔ ٹرمپ کی جانب سے سابق ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس جان ریٹکلیف کو امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کا ڈائریکٹر نامزد کر دیا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی انتظامیہ میں جیوئش امریکن لی زیلڈین انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کے سربراہ ہوں گے، زیلڈین نے بائیڈن کے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق قانون کی مخالفت میں ووٹ ڈالا تھا۔
Load/Hide Comments