ویب ڈیسک: پشاور کوسرسبز بنانے کا مشن شروع ہو گیا ہے، اس کے تحت پارکس اینڈ ہارٹیکلچرل اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور کو سرسبز بنانے کا مشن شروع کر دیا گیا ہے جس کے تحت پارکس اینڈ ہارٹیکلچرل اتھارٹی قائم کی جائی گی، اتھارٹی کا مقصد شہرکی خوبصورتی بڑھانا اورسرسبزعلاقوں کا تحفظ کرنا ہے۔
مجوزہ بل کے مطابق پارکس ودیگرمقامات میں صفائی کا خیال نہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، گندگی پھیلانا یا گرین بیلٹ کو نقصان پہنچانے پر بھاری جرمانہ و قید بھی ہو سکتی ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گرین بیلٹ، پارکس بنانے اور مرمت کرنے کی زمہ داری اتھارٹی کی ہو گی۔ بل میں کہا گیا ہے کہ شہر میں سائن بورڈز، بل بورڈز اور دیگر تشہری مواد کو مانیٹر و کنٹرول کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کسی درخت کو کاٹنے یا اسے نقصان پہنچانے پر بھی کارروائی ہو گی، وزیراعلیٰ کی سربراہی میں 14 ممبران پر مشتمل بورڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ مجوزہ بل کے متن کے مطابق گاڑیوں پر اشتہارات لگانے پر بھی پابندی ہو گی، گاڑیوں کے پیچھے اشتہار لگانے کی فیس مقرر ہو گی۔
گرین بیلٹ کو بغیر اجازت کے استعمال کرنا جرم تصور ہو گا، کسی بھی عوامی جگہ یا پارکس میں اشتہار یا بل بورڈ لگانے پر پابندی ہو گی۔ بل میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جرمانے 50 ہزار سے 10 لاکھ روپے تک عائد ہوں گے، سنگین خلاف ورزیوں پر جرمانہ اور قید دونوں بھی ہوسکتی ہے۔
Load/Hide Comments