ویب ڈیسک: چیئرمین ایف بی آر نے پاکستان آنے والی ایرانی کمرشل گاڑیوں پر ٹیکس لگانے کی سفارش کردی ۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا جس میں ایرانی حکام کی جانب سے پاکستانی تجارتی گاڑیوں پر 10فیصد ٹیکس وصولی کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہا کہ ایران بارڈر پر پاکستانی کمرشل گاڑیوں سے ایران 10 فیصد لیوی وصول کر رہا ہے، ایران میں ہر ایک کلو میٹر اندر جانے پر کمرشل گاڑیوں سے مزید ایک ڈالر فی کلو میٹر جارج کیا جاتا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ پاکستان آنے والی ایرانی کمرشل گاڑیوں سے کوئی ٹیکس چارج نہیں کیا جاتا، ایران پاکستانی تاجروں سے لیوی وصولی بند کرے یا پھر پاکستان کو بھی ٹیکس وصول کرنا چاہیے، وزارت تجارت کا اس میں کلیدی کردار بنتا ہے۔
بلوچستان عوام پارٹی سے تعلق رکھنے والے ممبر دنیش کمہار نے کہا کہ بطور چیئرمین ایف بی آر انسداد اسمگلنگ کے اختیارات کے غلط استعمال کو بھی روکیں اور اختیارات کے غلط استعمال کی انکوائری کروائیں۔
چیئرمین ایف بی آر نے جواب دیا کہ آپ اپنی مرضی کے ایماندار افسران کے نام دے دیں ہم انکوائری کروا دیں گے، جس پر دنیش کمہار نے کہا کہ ہمیں آپ پر اعتماد ہے آپ خود انکوائری کمیٹی بنا دیں۔
چیئرمین ایف بی آر نے یقین دہانی کرائی کہ ہم انکوائری کمیٹی بناکر انکوائری کروا کر رپورٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو پیش کر دیں گے، جس کاروباری شخص نے شکایت کی ہے ان کے خلاف کسی قسم کی انتظامی کارروائی نہیں ہوگی۔
Load/Hide Comments