ضلع کیچ میں آپریشن

سکیورٹی فورسز کا ضلع کیچ میں آپریشن ، 4دہشت گرد ہلاک

ویب ڈیسک: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں آپریشن کرتے ہوئے 4دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع کیچ کے علاقے بلگتر میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا جہاں فورسز کو گزشتہ روز دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن 12 اور 13 نومبر کی درمیانی شب کیا گیا، شدید جھڑپ کے دوران انتہائی مطلوب دہشتگرد سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کا سرغنہ ثنا عرف بارو بھی مارا گیا، ثنا عرف بارو مجید بریگیڈ کیلئے خودکش بمباروں کی بھرتی کا ایجنٹ تھا۔
مزید بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے، دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے مزید کسی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاک فوج اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزید پڑھیں:  وانا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص قتل، تحقیقات شروع