پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ

پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ برقرار، وبائی امراض پھوٹ پڑے

ویب ڈیسک: پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ اور دھند بدستور برقرار ہے، دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہونے پر موٹر ویز کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے، دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ہلکی بارش کی نوید سنا دی ہے، اس سے کسی حد تک دھند اور سموگ ختم ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ اور دھند بدستور برقرار ہے، جس سے معمولات زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں، بچوں میں گلے اور سینے کی بیماریاں پھوٹ پڑی ہیں، دھند اور سموگ کی وجہ سے سکول بھی صوبہ بھر میں ِبند کر دیئے گئے ہیں۔
بدترین فضائی آلودگی کے باعث صوبائی دارلحکومت لاہور دنیا بھر میں آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے، جہاں اے کیو آئی 708 تک پہنچ گیا ہے۔ ملتان میں ایئر کوالٹی انڈیکس 559، فیصل آباد 405، پشاور 270، اسلام آباد 186 اور راولپنڈی میں اے کیو آئی 199 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہونے پر موٹر ویز کو ٹریفک کیلئے مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا ہے، موٹر وے ایم 2 شیخوپورہ سے کوٹ مومن، ایم 3 لاہور سے درخانہ، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور ایم 5 شیر شاہ سے ظاہر پیر تک جبکہ سیالکوٹ موٹر وے بھی بند کر دی گئی ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ اور دھند بدستور برقرار ہے، جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ماہرین طب نے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا ہے ، تاہم سکول بند کر کے اس وجہ سے کیجولٹیز کم کرنے کی بھی کوشش کی گئی ہے، یاد رہے محکمہ موسمیات نے بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  تحریک انصاف رہنما شہریار آفریدی کی 21روزہ راہداری ضمانت منظور