مجھے کینسر ہونے کی افواہیں جھوٹی

مجھے کینسر ہونے کی افواہیں جھوٹی ہیں، مریم نواز

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اپنی صحت سے متعلق بات نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن جھوٹے پروپیگنڈے نے پریشانیاں پیدا کر دیں جس کی وجہ سے اس ٹاپک پر بات کرنا پڑی، ان کا کہنا تھا کہ مجھے کینسر ہونے کی افواہیں جھوٹی ہیں، اس میں کوئی صداقت نہیں۔
لندن میں پارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میرے بیماری پر سوشل میڈیا پر جھوٹی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، مجھے کینسر ہونے کی افواہیں جھوٹی ہیں، مجھے کینسر نہیں بلکہ پیراتھائیرائیڈ کا مسئلہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مداحوں کو یہ بھی بتاتی چلوں کہ ویلاگز پر غلط پراپیگنڈا پھیلایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹا پروپیگنڈا کرنے کیلئے پوچھا جا رہا ہے کہ میں نے اپنا علاج پاکستان سے کیوں نہیں کروایا تو انہیں بتانا چاہتی ہوں کہ میرا سارا علاج پاکستان میں ہی ہوتا ہے لیکن پیراتھائیرائیڈ ایسی بیماری ہے جس کا علاج پوری دنیا میں صرف دو ممالک میں ہی ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پیرا تھائیرائیڈ کا علاج انگلینڈ میں بھی نہیں ہوتا اور صرف سوئٹزرلینڈ اور امریکا ایسے ممالک ہیں جہاں اس بیماری کا علاج ممکن ہے۔ گزشتہ برس جنوری میں سوئٹزر لینڈ میں سرجری ہوئی تھی، اب بھی علاج کروانے کے بعد چند روز میں پاکستان پہنچ رہی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ اپنی بیماری سے متعلق بات نہیں کرنا چاہتی تھیں، ان کی ایسی تربیت ہی نہیں کہ وہ وکٹم بن کر لوگوں کی ہمدردیاں سمیٹنے کی کوشش کریں لیکن جھوٹی افواہوں کی وجہ سے انہیں اس پر بات کرنا پڑی۔
لندن میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سموگ 8-7 سال سے ہے، اس کے خاتمے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ لیکن اس مسئلے کا اتنا جلد ختم ہونا مشکل لگتا ہے۔ بھٹے کے کالے دھوئیں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو پکڑ رہے ہیں، مُنجی جلانے والے کسانوں کو روکنے کیلئے بھی ترغیبات دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  بشریٰ بی بی سے ضمانت منسوخی کی درخواست پر جواب طلب