ویب ڈیسک: حزب اللہ سے جھڑپ میں 6اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لبنان میں حزب اللہ کے ہاتھوں زمینی کارروائی کے دوران اسرائیل کے 6 فوجی ہلاک ہو گئے۔
غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق لبنان کی سرحد کے قریب حزب اللہ سے جھڑپ میں 6اسرائیلی فوجی مارے گئے، صیہونی افواج نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 فوجی جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران ہلاک ہوئے۔
تازہ ہلاکتوں کے بعد 30 ستمبر سے اب تک حزب اللہ کے ساتھ لڑائی میں 47 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوج کا یہ اعلان اسرائیل کے نئے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے کہنے کے بعد سامنے آیا ہے۔
اسرائیل کے نئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کے خلاف جنگ میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ نیتن یاہو نے ایکس پر گولانی بریگیڈ کے نشان کی ایک تصویر شیئر کی جس یونٹ سے ہلاک فوجیوں کا تعلق تھا۔
ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ نے کہا کہ اس نے تل ابیب کے تجارتی مرکز میں اسرائیلی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر بیلسٹک میزائل داغے ہیں، جس میں وزارت دفاع بھی واقع ہے۔ اس واقعے کی تصدق اسرائیل کی جانب سے نہیں کی گئی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ حزب اللہ کے الزامات پر ردعمل ظاہر نہیں کیا جائے گا۔ دریں اثناء اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے لبنان سے اسرائیلی علاقے میں داخل ہونے والے پانچ پروجیکٹائل میں سے کچھ کو ناکارہ بنایا ہے۔
Load/Hide Comments