پاک اسٹریا فخاشولے انسٹیٹیوٹ ملکی سطح

پاک اسٹریا فخاشولے انسٹیٹیوٹ ملکی سطح کا بہترین تعلیمی ادارہ ہے، علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ضلع ہری پور کا دورہ کیا اور اس دوران پاک آسٹریا فخاشولے انسٹیٹیوٹ آف ایپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی بھی گئے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پاک اسٹریا فخاشولے انسٹیٹیوٹ ملکی سطح کا بہترین تعلیمی ادارہ ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے نو قائم شدہ سکول آف پیرا میڈیکل سائنسز اور ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا۔ سکول آف پیرامیڈیکل سائینسز صوبائی حکومت کے تعاون سے 283 ملین روپے کی لاگت سے قائم کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، صوبائی وزراء اور دیگر بھی وزیر اعلی کے ہمراہ تھے۔
سکول آف پیرامیڈیکل سائینسز اس وقت ہیلتھ ایجوکیشن کے مختلف شعبوں میں 38 بیچلر، 18 ماسٹرز جبکہ 8 پی ایچ ڈی پروگرامز آفر کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ یہ تربیتی ادارہ 20 مختلف شعبوں میں ڈپلومہ کورسز بھی کروا رہا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی پارک 992 ملین روپے کی لاگت سے قائم کیا گیا ہے۔
افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خِبرپختونخوا نے سکول آف پیرامیڈیکل سائینسز کے لئے 30 کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکول آف پیرا میڈیکل سائنسز شعبہ صحت کی بہتری کے لئے صوبائی حکومت کے مشترکہ عزم اور باہمی تعاون کا عکاس ہے۔
انہوں ںے کہا کہ یہ سکول ہنرمند پیرا میڈیکل افرادی قوت کے حوالے سے خیبرپختونخوا کی ضروریات کو پورا کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا، اس کے علاوہ پاک آسٹریا فخا شولے انسٹیٹوٹ میں ٹیکنالوجی پارک کا قیام صوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔
علی امین گنڈاپور کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ یہ پارک ٹیکنالوجی کی بنیاد پر معیشت کے فروغ کیلئَے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، پارک ریسرچ کی کمرشلائزیشن اور انٹر پارٹنر شپ کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاک اسٹریا فخاشولے انسٹیٹیوٹ ملکی سطح کا بہترین تعلیمی ادارہ ہے، جو اپنے اہداف کی تکمیل کے لئے کامیابی کے ساتھ گامزن ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس ادارے کے فارع التحصیل طلبہ نہ ملکی بلکہ غیر ملکی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اس ادارے کو ملکی سطح پر ایک بہترین تعلیمی ادارہ بنانے پر انتظامیہ اور فیکلٹی کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، صحت و تعلیم صوبائی حکومت کے ترجیحی شعبے ہیں، جبکہ صوبائی حکومت ہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر وسائل لگائے جائیں گے تو وہ سرمایہ بنیں گے، موجودہ صوبائی حکومت بانی چئیرمین کے وژن کے مطابق اپنے لوگوں پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرے گی، لوگوں پر وسائل خرچ کرنا اور انہیں مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ماضی میں ریاست نے اپنی یہ ذمہ داری پوری نہیں کی، اگر ہم نے دنیا کا مقابلہ کرنا ہے تو اپنے لوگوں پر وسائل لگانے ہونگے، صوبائی حکومت بچیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، والدین بھی اپنی بچیوں پر زیادہ سرمایہ کاری کریں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کے لئے وہی شعبے چنیں جن میں بچوں کی دلچسپی ہو، نوجوان اپنے لئے بڑے اہداف مقرر کریں اور ان اہداف کے حصول کے لئے سخت محنت کریں، زندگی میں کامیاب ہونے اور نام کمانے کے لئے محنت شرط ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی کے احتجاج پر تحمل کا مظاہرہ کیا،نائب وزیراعظم