چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے

چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان

ویب ڈیسک: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان چینی باشندوں،کمپنیوں اور منصوبوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی باشندوں کے حوالے سے میڈیا افواہوں کا جواب نہیں دے سکتے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین کے درمیان متعددموضوعات بشمول انسداد دہشتگردی پر مضبوط رابطے ہیں، پاک چین باہمی اعتماد کو نقصان پہنچانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری سیاسی قیدیوں کی قید پرسنجیدہ تحفظات کا اظہار کرتا ہے، ان میں سے بہت سے سیاسی قیدیوں کوگنجائش سے زیادہ بھری جیلوں میں رکھا گیاہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چینی باشندوں،کمپنیوں اور منصوبوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور اس حوالے سے مکمل ایس او پیز پر عملدرآمد ہو رہا ہے، پاکستان میں سی پیک منصوبوں کی حفاظت کے لیے ایک خصوصی سکیورٹی فورس قائم ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن سابق چیف جسٹس کے ساتھ پیش آئے واقعے اور پاکستان ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملے کے حوالے سے برطانوی انتظامیہ سے رابطے میں ہے، پاکستانی شہری دنیا میں کہیں بھی ہوں باعث احترام ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے، پاک امریکا تعلقات کی بنیاد ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر ہے، پاکستان دیگر ممالک میں ان کی انتظامیہ میں تقرریوں پر کسی قسم کا تبصرہ نہیں کرتا، پاکستان آنے والی امریکی انتظامیہ کیساتھ اچھے تعلقات کا خواہشمند ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ افغانستان کو ان دہشتگردگروہوں کے خلاف کاروائی پرزور دیتے ہیں جن کی محفوظ پناہ گاہیں وہاں موجود ہیں، افغان انتظامیہ پاکستان کی بارہا کی جانے والی درخواستوں کو سنجیدہ لے۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں اسرائیلی بربریت عروج پر پہنچ گئی، مزید 47فلسطینی شہید