معاہدے کی خلاف ورزی

مسلم لیگ ن معاہدے کی خلاف ورزی کررہی ہے،بلاول

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چیف جسٹس اورآئینی بینچ کاسربراہ غیر متنازعہ ہونا چاہئے، مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست عزت کے لیے ہوتی ہے، سیاست میں ناراضگی نہیں ہوتی، حکومت کے ساتھ ناراضگی کا سوال ہی نہیں، وفاق میں نہ عزت دی جاتی ہے، نہ سیاست کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں حکومت پارٹنرز کے ساتھ معاہدوں پر عمل کرتی ہے، ہم دیکھیں گے کہ معاہدے پر عمل درآمد کیا ہوا،طے ہوا تھا کہ پی ایس ڈی پی مشاورت سے بنائی جائے گی، میں 26ویں ترمیم میں مصروف تھا حکومت نے پیٹھ پیچھے کینالز کی منظوری دی، ہم نئے کینالز پر اتفاق نہیں کرتے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں اتفاق رائے کے مختلف طریقے ہو سکتے ہیں، حکومت کینالز پر جو طریقہ اپنا رہی ہے وہ ٹھیک نہیں، بطور پارٹی چیئرمین ذمہ داری ہے کہ سی ای سی کو زمینی حقائق سے آگاہ کروں۔
انہوں نے کہا کہ حالات ایسے ہیں کہ سیاسی استحکام آسانی سے آسکتا ہے، پیپلز پارٹی سی ای سی نے حکومت میں شامل نہیں ہونا، قانون سازی پر پوری طرح سے مشاورت ہونی چاہیے، یہ عجب ہے کہ پہلے فلور پر بل پھر مجھے کاپی دی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے آئین سازی کے وقت برابری کی باتیں کیں، جوڈیشل کمیشن سے احتجاجا الگ ہوا، میں اگر جوڈیشل کمیشن میں ہوتا تو آئینی بینچ میں فرق پر بات کرتا، میں نے اپنا نام جوڈیشل کمیشن سے احتجاجا واپس لیا۔
انہوں نے کہا کہ آئین سازی کے وقت حکومت کی گئی اپنی باتوں سے پیچھے ہٹ گئی، دیہی سندھ سے سپریم کورٹ میں ججز ہوتے تو برابری کی بات کرتا، ہمیں انصاف کے سب سے بڑے ادارے میں برابری کی نمائندگی چاہئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک ملک میں دو نظام نہیں چل سکتے، وفاقی آئینی بینچ میں الگ سندھ کے لییالگ طریقہ اختیار کیا گیا، سندھ کے ساتھ بار بار تفریق، الگ سلوک نظر آتا ہے، چیف جسٹس، آئینی بینچ کے سربراہ کو غیر متنازعہ ہونا چاہیے۔
امریکہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہیں، امریکہ کی اپنی سیاست ہے، ہم امریکی سیاست میں ری پبلکن، ڈیموکریٹس کی طرف داری نہیں کرتے، ذاتی تعلقات سیاست میں ہوتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ٹرمپ کے داماد اور بیٹی کو جانتا ہوں، بی بی شہید کو بھی ٹرمپ نے کھانے پر مدعو کیا تھا، آصف علی زرداری ٹرمپ کو صدر بننے سے پہلے جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ذاتی تعلقات کی ڈپلومیسی میں اہمیت محدود ہوتی ہے، جیوپالیٹکس کا اثر زیادہ ہوتا ہے، پاکستان امریکہ کے تعلقات بالکل اچھے نہیں، جب وزیر خارجہ تھا اس وقت بھی امریکہ سے تعلقات زیادہ بہتر نہیں تھے، اس وقت امریکہ کے ساتھ بہتر تعلقات نہیں ہیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ صدر زرداری کی طبیعت بہتر ہے، ان کے پاؤں میں 4فریکچر ہوئے، مکمل صحت یابی میں کچھ وقت لگے گا۔
چینی سفیر کے بیان پر سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ، بلوچستان میں مہمان نوازی ثقافت کا حصہ ہے، دہشت گردی کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ چین کے شہری ہمارے نہ صرف مہمان بلکہ دوست بھی ہیں، چین ہماری معیشت اور عوام کو فائدہ پہنچانا چاہتا ہے، عوام کا مطالبہ ہے کہ دہشت گردی کے واقعات کا سدباب ہو۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بلوچستان سے لے کر قبائلی علاقوں تک دہشت گردی کی آگ پھیلی ہوئی ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ صورتحال پر ایکشن لے۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا کے عوام پورے ملک کی جنگ لڑ رہے ہیں، وزیراعلیٰ علی امین