بلوچستان میں فورسز کی کارروائی

بلوچستان میں فورسز کی کارروائی، 3دہشت گرد ہلاک،2اہلکار شہید

ویب ڈیسک: بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سیکورٹی فورسز نے شر پسند عناصر کے خلاف کارروائی کی جس میں 3دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2اہلکار بھی شہید ہو گئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 14نومبر کو ضلع ہرنائی میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی ۔
اطلاع پرفوری طور پر میجر محمد حسیب کی قیادت میں علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کو روانہ کردیا گیا،اس دوران سکیورٹی فورسزنے موثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد سیکیورٹی فورسز کی اگلی گاڑی پر پھٹ گیا جس کے نتیجے فرنٹ لائن پر اپنی ٹیم کی قیادت کرنے والے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر اپنی جان قربان کر دی اور شہادت کا رتبہ پایا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے عزم پر قائم ہیں،ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے 28 سالہ میجر محمد حسیب کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے، جنہوں نے 8 سال6 ماہ تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میجر محمد حسیب شہید کے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی شامل ہیں۔
شہید 38 سالہ حوالدار نور احمد کا تعلق بلوچستان کے ضلع بارکھان سے ہے اور انہوں نے 14 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدارنور احمد شہید کے سوگواران میں اہلیہ، 3بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:  ملک میں چاند نظر نہیں آیا، یکم جمادی الثانی 4دسمبر کو ہوگی