ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ اسلام آباد احتجاج کیلئے پلاننگ تیار کر لی گئی ہے، پلاننگ کے تحت علی امین پختونخوا حماد اظہر پنجاب کی قیادت کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق 24نومبرکے احتجاج میں خیبر پختونخوا کے قافلوں کی قیادت وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کرینگے جبکہ پنجاب میں قافلوں کی قیادت کی ذمہ دار حماد اظہر کو سونپ دی گئی ہے۔ ممبران صوبائی و قومی اسمبلی خیبر پختونخوا اور پنجاب میں اپنے حلقوں سے ورکرز کو نکالیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی چیئرمین کی اڈیالہ جیل میں گفتگو باہر نہیں لائی جارہی۔
ان کا کہنا تھا کہ 24 نومبر کو پی ٹی آئی کی فائنل کال ہوگی، پاکستان جمہوریت کا قبرستان بن چکا ہے، قانون کی کوئی عمل داری نہیں ہے، جو حکمران انسٹال کئے گئے وہ جعلی ہیں۔ 26ویں آئینی ترمیم کے تحت نظام کو باندھ دیا گیا ہے، ملک کی سب سے بڑی عوامی پارٹی کے سربراہ اس وقت جیل میں بند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اس وقت پارٹی عہدیداروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تاہم پارٹی کے کارکن اپنا احتجاج کرتے آرہے ہیں۔
پی ٹی آئی سیکرٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ لاہور، اسلام آباد میں ہمیں احتجاج کےلئے جگہ نہیں دی گئی، اپوزیشن لیڈر کی فیصل آباد اے ٹی سی عدالت میں پیشی تھی، اسی دن دوسرے شہر میں پیش ہونا تھا۔ بشریٰ بی بی پی ٹی آئی کے کسی بھی اجلاس میں تاحال شریک نہیں ہوئیں، پارٹی میں اختلافات نہیں ہیں، ہر ورکر بانی چیئرمین کے نام پر احتجاج میں شریک ہوگا۔ 24 نومبر کو اسلام آباد احتجاج کیلئے پلاننگ تیار کر لی گئی ہے، اس دن علی امین پختونخوا حماد اظہر پنجاب کی قیادت کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ایم این اے اور ایم پی ایز اپنے حلقے کے لوگوں کو نکالیں گے، پارٹی اجلاسوں میں خیبر پختونخوا کے وسائل استعمال نہیں کررہے، ہمارے فوکل پرسنز کو بانی چیئرمین سے ملاقات کرنے نہیں دی گئی، ہم اسلام آباد صرف ہاتھ لگانے کےلئے نہیں جا رہے بلکہ جب تک مطالبات تسلیم نہیں ہونگے وہاں سے نہیں جائینگے، احتجاج میں ہماری تعداد لاکھوں میں ہوگی،کوئی تشدد کرے گا ہم نے برداشت کرنا، پرامن رہنا ہے،ایک دن میں تین اپوزیشن کے لیڈرز کو اٹھایا گیا۔
شیخ وقاص نے تصدیق کی کہ پرامن احتجاج کرنے والے کو آنسو گیس سے اب تک طبی مسائل درپیش ہیں۔ اہلیہ بانی چیئرمین بشریٰ بی بی پر جھوٹا کیس بنایا گیا۔کینسر کی مریض 80 سالہ یاسمین راشد کو جیل میں رکھا گیا۔ اداروں کی تحویل میں پی ٹی آئی کے تین بندوں نے خودکشی کی کوشش کی۔ بانی چیئرمین نے کسانوں، خواتین اور ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو 24 نومبر احتجاج میں شامل ہونے کا کہا ہے۔ احتجاج میں صرف پی ٹی آئی کارکن نہیں بلکہ تمام پاکستانی شرکت کرینگے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بانی چیئرمین نے طلباءاور نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کا احتجاج میں شامل ہونا ضروری ہے ، نوجوان اور طلباءکو بانی چیئرمین اپنی طاقت سمجھتے ہیں۔
Load/Hide Comments