لاہور آلودہ ترین شہروں میں نمبرون

سموگ کا سلسلہ دراز، لاہور آلودہ ترین شہروں میں نمبرون برقرار

ویب ڈیسک: صوبہ پنجاب میں سموگ کا سلسلہ دراز ہو گیا، اس دوران لاہور آلودہ ترین شہروں میں نمبرون برقرار ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے لاہور اس فہرست میں نمبر ون پوزیشن پر چلا آ رہا ہے، اور تمام تر کوششوں کے باوجود سموگ میں کمی نہیں آ رہی جس سے وبائی امراض بھی پھوٹ پڑے ہیں۔
خراب فضائی معیار کے باعث لاہور میں صبح کے اوقات میں ائیر کوالٹی انڈیکس 710 ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب کے آلودگی کے متاثرہ شہروں میں رحیم یار خان میں پارٹیکولیٹ میٹرز 826 پر آگئے جب کہ ملتان میں 710 ریکارڈ کیا گیا۔ سموگ کی وجہ سے ان علاقوں میں تمام سکول بند کر دیئے گئے ہیں۔
دوسری جانب شدید دھند کے باعث لاہور ائیرپورٹ، کینٹ اور اطراف میں حد نگاہ صفر ہو گئی، جب کہ موٹروے ایم 2 اسلام آباد سے لاہور، ایم 3 لاہور سے درخانہ اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان، ایم 5 ملتان سے جلال پور، ایم 11 لاہور سے کامونکی اور لاہور سیالکوٹ موٹروے مکمل بند کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے سموگ اور دھند سے پریشان عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے 16 نومبر تک لاہور، راولپنڈی، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بالائی اضلاع میں بارش کا امکان ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش سے سموگ میں کمی کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ سموگ کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث لاہور آلودہ ترین شہروں میں نمبرون برقرار ہے۔

مزید پڑھیں:  سوات :پولیس چوکی میں شہری کو قتل کرنے میں ملوث 3پولیس اہلکارگرفتار