چین اور امریکا کے درمیان جھولتا پاکستان

آج کے پاکستان کو درپیش صورت حال کے تناظر میںفارسی محاورے ”پائے رفتن نہ جائے ماندن ” کاترجمہ کیا جائے تو ”آگے ٹرمپ پیچھے ژی” ہی بنتا ہے ۔یوں لگتا ہے کہ کارپردازانِ ریاست وحکومت نے بہت سوں کی طرح بہت دیر سے یہ حقیقت سمجھ لی تھی کہ ڈونلڈ ٹرمپ سونامی کو روکنا اب امریکی مقتدرہ کے بس میں نہیں رہا ۔ایسا نہ ہوتا تووہ آخر ی وقت تک ٹرمپ کو بات بے بات کوسنے نہ دیتے۔پاکستان کے سیاست دانوں پر ہی کیا موقوف امریکہ کے مین سٹریم میڈیا نے بیانیہ سازی کے چکر میں خود امریکیوں کو بھی اس معاملے میں تذبذب اور غیر یقینی کا شکار بنا رکھا تھا ۔پاکستان میں صرف ایک ہی شخص مشاہد حسین سید بہت یقین اور اعتماد کے ساتھ مہینوں پہلے سے یہ بات کہہ رہے تھے کہ ٹرمپ آرہا ہے ۔یہیں سے انہو ں نے ٹرمپ کی کال آنے کی پیش گوئی کرنا بھی شروع کر دی تھی ۔کال آتی ہے یا نہیں مگر ٹرمپ تو آگیا ہے ۔ایک باخبر پاکستانی کے طور مشاہد حسین سید کی یہ بات وقتی طور پر حکومتی حلقوں کے بدن میں جھرجھری پیدا کرنے کا باعث تو بن رہی تھی مگر انہیں امریکی مقتدر ہ کے زور بازو حکمت ،کاری گری اور طاقت پر حددرجہ اعتماد تھا جو ہر قیمت پر ٹرمپ کو سیاسی منظر سے مائنس کرنے کا تہیہ کرچکی تھی ۔جونہی امریکا سے یہ اشارے ملنا شروع ہوئے کہ ٹرمپ سونامی اب وائٹ ہائوس کی طرف بڑھ رہا ہے تو انہوں نے مقامی بیانیہ سازی ، سیاسی ضرورت اور حفظ ِ ماتقدم کے طور پر چین کے پیچھے چھپنے کا راستہ اختیار کیا ۔مبادا کل ٹرمپ بگڑ بیٹھتے ہیں تو بتایا جاسکے کہ چین سے تعلق تعاون اور دوستی کی سزا دی جارہی ہے ۔سی پیک پر مصالحت اور مصلحت نہ کرنے پر وہ ٹرمپ کے غیض وغضب کا شکار ہو رہے ہیں ۔اس سے عمل کی دنیا میں تو کوئی فرق ہونا نہیں تھا کیونکہ حکمران ڈھائی برس قبل اپنے ہاتھ پائوں کاٹ کر امریکہ کے حوالے کر چکے تھے مگر مقامی رائے عامہ میں اپنا سیاسی تاثر بہتر کرنے کے لئے اس نسخے سے شفا مل سکتی تھی ۔اب کم از کم حکومت یہ دعویٰ نہیں کر سکتی کہ صدر ٹرمپ انہیں صدر ژی کی دوستی کی سزادے رہے ہیں ۔صدر ژی نے پہلے ہی یہ پیغام دے دیا ہے کہ موجودہ سیاسی بندوبست میں دونوں ملکوں کے تعلقات اچھے نہیں رہے ۔چین پرائیویٹ طور پر ڈھائی برس سے پاکستان میںسیاسی استحکام پیدا کرنے کا مشور ہ دیتا رہا ہے مگر اس کی یہ آواز صدا بصحرا ثابت ہوئی ۔اب ٹرمپ نے جس انداز سے اپنی کابینہ تشکیل دی ہے اس سے عمران خان اور حکومت وسیاست سے بات آگے نکل کر پاکستانی ریاست کے معاملات تک پہنچ چکی ہے۔بالخصوص ٹرمپ نے جس شخص کو وزیر خارجہ کے طور پر چنا ہے اس کا نام مارکو روبیو ہے ۔اسلام آباد میں خیال یہی تھا کہ قرعۂ فال ایک بار پھر آزمودہ کارسابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے نام نکل آئے گا مگر ٹرمپ نے مائیک پومپیو اور برصغیر سے آبائی تعلق رکھنے والی نکی ہیلی دونوں کو مستقبل کے منظر سے مکھن سے بال کی طرح نکا ل باہر کیا ۔شاید کسی مرحلے پر یہ دونوں ٹرمپ مائنس منصوبے کے لئے دلوں میں نرم گوشہ رکھتے ہوں۔مارکوروبیو پاکستان ہی نہیں مسلمان دنیا میں بادشاہتوں اور آمریتوں کے نظریاتی مخالف کے طور پر سامنے آئے ہیں ۔ان کے خیالات پر مبنی کئی وڈیو کلپس زیر گردش ہیں ۔ایسے ہی ایک موقع پر وہ کہتے ہیں کہ ”ہم بعض دفعہ سمجھتے ہیں کہ ڈکٹیٹر ہمارے حق میں کام کرتا ہے تو وہ ٹھیک ہے۔لیکن ہمیں یاد رکھنا ہوگا وہ ڈکٹیٹر طاقت پر کنٹرول رکھنے کے لئے میڈیا کو دباتا ہے اور اسے کوئی پرواہ نہیں ہوتی کہ یہ لوگ امریکا کے خلاف استعمال ہوں یا کسی اور کے خلاف اسے یہ فکر ہوتی ہے کہ بس اس کے خلاف کوئی بات نہ کریں ۔مصر کی مثال ہمارے سامنے ہے جہاں سے نائن الیون کے ایسے حملہ آور سامنے آئے جو پوش علاقوں اور خاندانوں سے تعلق رکھتے تھے ”۔امریکہ کے نامزد وزیر خارجہ کے یہ خیالات پاکستان کے لئے ہی نہیں عرب دنیا کے لئے بھی خطرے کی گھنٹی ہیں ۔یہ نائن الیون کے بعد امریکی اخبارات میں نیویارک ٹائمز جیسے سخت گیر اخبارات میں لکھنے والے ریڈیکل تجزیہ نگاروں کی رائے کا نچوڑ ہے۔اسی دور میںنائن الیون کے دو تین روز بعد ہی نیویارک ٹائمز میں ایک طویل تجزیاتی مضمون شائع ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ امریکہ نے مسلم دنیا میں ازکار رفتہ او رکرم خوردہ بادشاہتوں اور آمریتوں کا بوجھ اُٹھا کر ان معاشروں کو آزاد ہوائوں اور جمہوری فضائوں سے محروم رکھا ہے ۔بادشاہتوں اور آمریتوں تلے امریکہ مخالف جذبات پنپتے رہے ۔جس کا نتیجہ نائن الیون کی صورت میں برآمد ہوا جس کی منصوبہ بندی ،سہولت کاری اور ہائی جیکروں کی صورت آخری ضرب میں انہی بادشاہتوں کی زیر سایہ پلنے والے ریڈیکل عرب نوجوان شامل تھے ۔مضمون نگار نے آگے چل کر لکھا تھا اب امریکہ کو مزید ان کرم خوردہ بادشاہتوں کا بوجھ اُٹھانے کی بجائے مسلم دنیا میں جمہوریت کا سودا فروخت کرنا چاہئے ۔اس کے لئے ایک لبرل اور ترقی یافتہ مسلمان ملک کو رول ماڈل کے طور پر منتخب کرنا چاہئے ۔مضمون نگار کی نظریں اس کے لئے ترکی پر تھیں مگر بعد میں عملی طور پر اس کے لئے عرب ملک عراق کا انتخاب ہوا ۔عراق میں جمہوریت تو نہ آئی مگر ملک کا سول سٹرکچر اور مرکزیت برباد ہو گئی اور ملک برسوں خانہ جنگی کا شکار ہو کر رہ گیا۔وائٹ ہائوس سے ملنے والے یہ اشارے عرب دنیا کے لئے بھی اچھے نہیں اور محمد بن سلمان بھی اس حقیقت کو بھانپ گئے ہیں ۔ایک سال سے زیادہ عرصہ تک اپنے معاشروں میں فلسطینیوں کے حق میں احتجاج پرپابندیاں لگانے والے او آئی سی ملکوں کو اچانک غزہ کی بربادیوں کی یاد آگئی ۔یوں لگا کہ جیسے بگ بینگ کی آواز سن کر مسلمان
حکمران نیند سے جاگ پڑے ہیں اور انہیں کسی نے جاگتے ہی یاد دلایا کہ ان کے پہلو میں غزہ نامی موت کی ایک وادی دردوکرب کی تصویر بن کر رہ گئی ہے ۔ٹرمپ کی ایک سخت
گیر ٹیم کے ساتھ آمد کے ساتھ ہی چین نے کھلے بندوں کہنا شروع کر دیا ہے کہ وہ پاکستان میں سی پیک کے منصوبوں کو صرف اسی صورت میں آگے بڑھائے گا جب اسے ان منصوبوں اور ان پر کام کرنے والوں کی حفاظت کے لئے اپنا سیکورٹی کا نظام تشکیل دینے کی اجازت ملے گی ۔یہ تقریباََ وہی مطالبہ ہے جو ڈبل گیم کے الزام کے ساتھ گزشتہ دہائی میں امریکہ کی طرف سے دہرایا جاتا تھا اور کہا جاتا تھا کہ امریکہ کو پاکستان کے اندر براہ راست اپنے اہداف کو نشانہ بنانے کی اجازت دی جائے ۔اس کے لئے بلیک واٹر کنٹریکٹرز کے نام پر سی آئی اے نے سیکورٹی کا پورا نظام تشکیل دیا تھا بلکہ خود امریکی تحقیقاتی صحافی بروس ریڈل نے لکھا تھا کہ بگرام ائر بیس میں ایک ایسی فورس بھی تیا ر کھڑی ہے جو خدانخواستہ پاکستان کی بلقانائزیشن یعنی دہشت گردوں کے ہاتھوں بکھرنے کی صورت میں اس کے ایٹمی ہتھیاروں کا کنٹرول سنبھالے گی ۔پاکستان نے یہ مشکل وقت جیسے تیسے گزار لیا تھامگر شوق کا کوئی مول نہیں کے مصداق پھر دوبارہ اسی دام میں آنے کا فیصلہ بھی خود ہی کر لیا ۔اب ٹرمپ اور ان کی ٹیم کے ہاتھوں سہمے اور ڈرے ہوئے پاکستانی حکمرانوں کے سامنے چین نے اسی سے ملتا جلتا دفتر کھول دیا ہے ۔بین الاقوامی تعلقات میں کوئی کسی کا بے دام غلام ہوتا ہے نہ ہمہ موسمی دوست ۔یہ کچھ لو اور کچھ دو کی بے رحم دنیا ہوتی ہے ۔ٹرمپ اس بار بھی روس سے تعلقات بہتر بناتے ہوئے چین پر فوکس رکھنے کی طرف جا رہے ہیں ان کی سوشل میڈیا ٹیم رائے عامہ سے پوچھ رہی ہے کیوں نہ بل گیٹس کو چین کی ووہان لیبارٹری کو عطیہ دینے پر سزادی جائے جس کے بارے میں ٹرمپ نے الزام عائد کیا تھا کہ کورونا وائرس وہیں تخلیق ہوا ہے اوروہ اپنے پچھلے دوراقتدار میں اس کے لئے مسلسل ”چائنیز وائرس ”کی اصطلاح استعمال کرکے چینیوں کو زچ کرتے رہے تھے ۔اس کا مطلب یہ ہے گوادر اور سی پیک پر امریکہ کی برداشت کا درجہ صفر پر ہی رہے گا اور چین کی طرف سے اپنا سیکورٹی نظام لانے پر اصرار پاکستان کو دوبڑی طاقتوں کے درمیان سینڈ وچ بنادے گا۔ یوںحالات،خدشات اور واقعات کا ایک بپھرا ہو ا بگولہ سامنے صاف رقصاں دکھائی دے رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  قولوللناس حسنا!