بشریٰ بی بی سیاست میں حصہ

بشریٰ بی بی سیاست میں حصہ نہیں لےرہیں،پیغام پہنچایا ہے، عمران خان

ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی سیاست میں حصہ نہیں لے رہیں، پارٹی رہنماوں تک میرا پیغام پہنچایا ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے بشریٰ بی بی کی سیاست میں انٹری سے متعلق سوال پر کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی سیاست میں حصہ نہیں لے رہیں، ایسا کوئی ارادہ نہیں، بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام پارٹی رہنماؤں تک پہنچانا تھا۔
فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قائدین سے ملاقات کی اجازت نہیں مل رہی، جب ایسے حالات پیدا کیے جائیں گے تو پیغام کسی نہ کسی کے ذریعے تو بھیجا جائے گا۔
اس سے قبل بشریٰ بی بی کی سیاست میں باضابطہ انٹری کی خبریں زیرگردش تھیں۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی نے 13 نومبر کو پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت کو پشاور میں بلا کر میٹنگ کی اور انہیں 24 نومبر احتجاج کی حکمت عملی کے احکامات دیے۔
بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی نے ان کی سیاست میں انٹری کی تردید کرتے ہوئے انہیں غیر سیاسی خاتون قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے کوئی سیاسی انٹری نہیں دی، سابق خاتون اول کی سیاسی سرگرمیوں سے متعلق خبریں من گھڑت ہیں۔
مشال یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بار بار کہہ چکے ہیں بشریٰ بی بی غیرسیاسی خاتون ہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کوششیں کرنا اہلیہ کا فرض ہے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی پنجاب اسمبلی اراکین پشاور طلب کر لئے گئے ہیں.

مزید پڑھیں:  ماں بیٹی اور ایک ماہ کی دلہن کے اندھے قتل کا ڈراپ سین، قاتل گرفتار