بیروت پر اسرائیلی بمباری

بیروت پر اسرائیلی بمباری، 24 گھنٹوں میں 78 لبنانی شہید

ویب ڈیسک: غزہ کا پورا انفراسٹرکچر ملیا میٹ کرنے کے بعد صیہونیوں نے لبنان کا رخ کر لیا، حالیہ واقعات میں بیروت پر اسرائیلی بمباری کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں 78 لبنانی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے، جس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 78 لبنانی شہری شہید ہوگئے۔ بیروت کے جنوبی ٹاؤن ضاحیہ اور رفیق الحریری ایئرپورٹ کے قریب صیہونیوں نے میزائل برسائے۔
اسرائیلی حملوں کے دوران ایئر پورٹ پر طیاروں کی آمد و رفت جاری رہی، اور نقصان نہیں ہوا، تاہم اسرائیلی فوج نے دعویٰ کی ہے کہ لبنانی دارالحکومت بیروت پر حزب اللّٰہ کے 30 سے زائد اہداف کو تباہ کردیا، صہیونی فورسز نے اب تک کئی رہائشی عمارتیں تباہ کردیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق بیروت کے جنوبی ٹاؤن میں حزب اللّٰہ کے اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے دوران اسرائیلی جنگی طیاروں نے حزب اللّٰہ کے مبینہ ہتھیاروں کے گودام اور دفاتر تباہ کر دیے۔ دوسری جانب حزب اللہ کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی جا رہی۔
یاد رہے کہ لبنان پر اسرائیلی حملوں میں 3ہزار365 شہری شہید ، 14ہزار 344 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں اپنے 6 فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  انٹرنیٹ سست روی برقرار، صارفین پریشانی کا شکار