لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی

سموگ کے باعث لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ

ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے سموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی۔
پنجاب کی سینئر وزیر صوبائی مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کے دوران لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اور ملتان میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ڈیسک اور ہسپتالوں میں سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، محکموں کو ادویات وافر کرنے کی ہدایت کی جب کہ شہری موٹر سائیکل پر ایمرجنسی کے سوا باہر نہ نکلیں اور ماسک کا استعمال کریں۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ بدھ تک ڈیٹا دیکھیں گے، سموگ ہیلتھ کرائسس میں تبدیل ہو چکا ہے، پنجاب حکومت سموگ کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے اور سموگ کی روک تھام کیلئے 10 سال کی پالیسی دے دی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کے مختلف محکمے اسموگ کی روک تھام کیلئے دن رات کام کررہے ہیں، زگ زیگ ٹیکنالوجی پر نہ آنے والے بھٹے مسمار کیے جارہے ہیں تاہم اسموگ پر قابو پانا ایک لانگ ٹرم پراسیس ہے، اس پر قابو پانے کیلئے تین 3 ماہ کے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ سموگ کے باعث اسکول مزید ایک ہفتے تک بند رہیں گے، کالجز اور یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز ہوں گی، ریسٹورنٹس کو شام4بجے تک کا وقت دیا ہے تاہم ریسٹورینٹس سے کھانا لے جانے کی اجازت رات 8 بجے تک ہوگی۔

مزید پڑھیں:  چیمپئنزٹرافی پر ڈیڈلاک برقرار ،اجلاس بے نتیجہ ختم