بارش و برفباری

پشاور سمیت مختلف اضلاع میں بارش و برفباری،خنکی بڑھ گئی

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے طویل خشکی کاخاتمہ جبکہ موسم میں خنکی بڑھ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور شہر اور گردو نواح میں صبح سے بادل چھائے رہے جس کے بعد سہ پہر کے وقت ہلکی بارش شروع ہوئی جس کے بعد شام کو تیز بارش کے ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی ہے ۔
پشاور کے علاوہ نوشہرہ ،صوابی ،ضلع خیبر ، لکی مروت اور بنوں سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی ہے جس کے نتیجے میں موسم سرد ہو گیا ہے ۔
پشاور میں تیز بارش کے نتیجے میں کئی علاقوں میں بجلی ٹرپ کر گئی جس کے باعث شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع دیر اپر کے علاقہ وادی کمراٹ میں برفباری بھی ہوئی ہے جس کے باعث موسم میں خنکی بڑھ گئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کی جانب صوبے کے مختلف علاقوں میں کل تک بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔
صوبہ کے مختلف اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، مالاکنڈ اور باجوڑ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور، مہمند، خیبر، صوابی، چارسدہ اور نوشہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈی آئی خان کے اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گرینڈ جرگے سے کرم مسئلے کے پرامن حل کیلئے پرامید