عمران خان ودیگر رہنماؤں پر فردجرم

جی ایچ کیو حملہ کیس، عمران خان ودیگر رہنماؤں پر فردجرم عائد ہونے کا امکان

ویب ڈیسک: 9 مئی واقعات میں جی ایچ کیو حملہ کیس کے حوالے سے آج بانی پی ٹی آئی عمران خان ودیگر رہنماؤں پر فردجرم عائد ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق جی ایچ کیو حملہ کیس میں آج عمران خان ودیگر رہنماؤں پر فردجرم عائد ہونے کا امکان ہے، عدالت نے 125 افراد کو آج طلب کر رکھا ہے۔ عدالتی حکم پر تفتیشی ٹیم آج جی ایچ کیو حملہ مقدمہ کی سازش مجرمانہ کا انسپکشن نوٹ عدالت میں پیش کرے گی۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ تاریخ پر مجرمانہ الزام کا انسپکشن نوٹ پیش نہ ہونے پر فرد جرم کی کارروائی موخر کی گئی تھی، تاہم آج عمران خان ودیگر رہنماؤں پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، یاد رہے کہ مقدمے کی سماعت ضلع کچہری انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوگی۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو بھی فرد جرم کیلئے عدالت طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے، فرد جرم کیلئے شبلی فراز، عمر ایوب خان، شیخ رشید احمد، زرتاج گل کو بھی بلایا گیا ہے جبکہ گزشتہ تاریخ پر غیر حاضر 21 کارکنان ملزمان کے بھی طلبی نوٹس جاری کیے گئے ہیں، مجموعی طور پر مقدمے کے 125 ملزمان نامزد ہیں اور عدالت نے سب کو آج طلب کیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے شیخ رشید احمد کی عدم ثبوت پر بریت کی درخواست پر بھی آج فیصلہ متوقع ہے، شیریں مزاری، امجد نیازی نے بھی بریت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کی وکلاء ٹیم نے فرد جرم کی کارروائی ٹالنے کے لیے تین متفرق درخواستیں تیار کر رکھی ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ صبح 9 بجے سماعت کریں گے، مقدمہ کے 20 ملزمان شاہ محمود قریشی، علی امین گنڈاپور وغیرہ کو تاحال نقول تقسیم نہ ہوسکیں۔

مزید پڑھیں:  گورنر فیصل کنڈی اور امیر مقام وفاق سے صوبے کا حق لیں،بیرسٹر سیف