ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ 24 نومبر کو احتجاج لازمی ہوگا، 24نومبر کو مطالبات نہ مانے گئے تو اسلام آباد میں دھرنا ہوگا، تاہم فی الحال اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ نہیں ہوا۔
پریس بریفنگ کے دوران صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ 24نومبر کو مطالبات نہ مانے گئے تو اسلام آباد میں دھرنا ہوگا، کیونکہ بانی پی ٹی آئی نے واضح پیغام دیا ہے کہ مطالبات منوانے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جلسہ، احتجاج، مارچ 24 نومبر کو لازمی ہوگا، جس میں خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کارکن بڑی تعداد میں جائیں گے۔ علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں جلسے کی تیاریاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں ہونے والے اجلاس مارچ کی تیاریوں کے لیے کیے جا رہے ہیں، میٹنگز بھی جاری ہیں، ایم پی ایز، ایم این ایز اور تنظیمی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگز اور مشاورتی بیٹھک کا سلسلہ تین دنوں سے جاری ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی پاکستان کی ایک معزز شہری ہیں، انہوں نے خود کہا ہے کہ عملی سیاست سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کی، صرف بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کی مشینری استعمال کرنے کی کوئی اجازت نہیں۔ پچھلے جلسے میں وزیراعلیٰ موجود تھے اور کارکن بھی تھے، اسی لیے ریسکیو 1122 کی گاڑیاں ساتھ تھیں۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ فی الحال اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ نہیں ہوا، یہ وقت اب احتجاج کا ہے۔ میرا نہیں خیال کہ ڈونلڈ ٹرمپ براہ راست پاکستانی سیاست پر کوئی بات کریں گے۔
Load/Hide Comments