پنجاب کا ضلع ننکانہ صاحب آبادی

پنجاب کا ضلع ننکانہ صاحب آبادی بڑھنے کی شرح میں سرفہرست

ویب ڈیسک: ملک بھر کی شہری آبادی میں اضافہ ہونے کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کر دیئے گئے۔ اس فہرست کے مطابق پنجاب کا ضلع ننکانہ صاحب آبادی بڑھنے کی شرح میں سرفہرست ہے۔
پاکستان ادارہ شماریات نے 2017 سے 2023 تک پنجاب، سندھ اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں آبادی بڑھنے کی شرح کی تفصیلات جاری کر دیں۔ جس کے مطابق ان علاقوں کی شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، پنجاب کے شہری علاقوں میں آبادی بڑھنے کی شرح دیہی علاقوں کے مقابلے میں تین گنا تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ شماریات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کی شہری آبادی میں بھی اضافے کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ پنجاب کا ضلع ننکانہ صاحب آبادی بڑھنے کی شرح میں سرفہرست ہے، سندھ میں ضلع شرقی کراچی، خیبر پختونخوامیں ضلع کوہستان اور بلوچستان کے ضلع واشک میں آبادی بڑھنے کی رفتار سب سے تیز ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ 7 سال کے دوران پاکستان کی آبادی میں سالانہ اوسطاً 2 اعشاریہ 55 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے، دیہی آبادی 1 اعشاریہ 88 فیصد اور شہری آبادی میں اضافے کی کی شرح 3 اعشاریہ 67 فیصد رہی۔ 2017 سے 2023 تک کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کی آبادی بڑھنے کی شرح 2.53 فیصد رہی۔ پنجاب کی دیہی آبادی 1.46 فیصد جبکہ شہری آبادی میں 4.24 فیصد اضافہ ہوا۔
پنجاب میں سب سے زیادہ آبادی بڑھنے کی شرح ضلع ننکانہ صاحب میں 3 اعشاریہ 19 فیصد رہی۔ سندھ کی آبادی بڑھنے کی سالانہ اوسط شرح 2.57 فیصد رہی۔ سندھ میں سب سے زیادہ آبادی بڑھنے کی شرح کراچی کے ضلع شرقی میں 5.32 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
خیبر پختونخوا کی آبادی بڑھنے کی شرح 2 اعشاریہ 38 فیصد ہے۔ دیہی آبادی 2 اعشاریہ 69 فیصد اور شہری آبادی بڑھنے کی شرح 0 اعشاریہ 72 فیصد رہی۔ سب سے زیادہ آبادی بڑھنے کی شرح ضلع لوئر کوہستان میں 9.05 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں اوسطاً سالانہ آبادی میں اضافے کی شرح 3.20 فیصد رہی۔ بلوچستان میں سب سے زیادہ آبادی بڑھنے کی شرح ضلع واشک میں 9.51 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد کی آبادی اوسطاً 2.80 فیصد سالانہ کی شرح سے بڑھی۔ اسلام آباد میں دیہی آبادی 3.97 فیصد اور شہری میں 1.59 فیصد اضافہ ہوا۔

مزید پڑھیں:  باجوڑ، 20سالہ دشمنی دوستی میں تبدیل، فریقین بغلگیر