ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 9مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کی نئی فوٹیجز جاری کردیں، عمران خان اور ان کے حواریوں نے ہر قدم ملک کو نقصان پہنچانے کے لیے اٹھایا، 9 مئی حملوں کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
وزیر اطلاعات نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران 9مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کی نئی سی سی ٹی وی فوٹیجز جاری کردیں۔ اس کے ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے پیغامات بھی موجود ہیں، جن میں پی ٹی آئی عہدیداروں کو 9مئی کیلئے ہدایات دی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسا بیانیہ بنانا چاہتےتھے کہ مشتعل ہوکر فوجی تنصیبات پر حملہ کیا جائے، یہ کہتے ہیں کہ ہم نے حملہ نہیں کیا، تو کیا جنوں نے یہ واقعات کیے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ریکارڈ کو تبدیل کیا جاسکتا نہ ہی اسے مٹایا جا سکتا ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ 9 مئی کو قومی سلامتی کے تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
عطا تارڑ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ اس حوالے سے تمام شواہد ان ویڈیوز میں عوام کے سامنے آچکے ہیں، اب 9مئی کے کیسز کا فوری طور پر فیصلہ ہونا چاہیے اور نہ صرف ان کیسز کا فیصلہ کیا جانا چاہیے بلکہ ان کو قوم سے معافی بھی مانگنی چاہیے۔ زیر التوا تمام جوڈیشل کیسز کا جلد سے جلد فیصلہ کیا جانا چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بار بار اس بات کو دہرایا جاتا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لے کر آئیں، اب یہ سامنے لے آئے ہیں، بیانات آچکے ہیں، یہ ملک دشمن ہیں اور پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ ان شواہد کی روشنی میں تحریک انتشار کے تمام لوگوں کو معافی مانگنی چاہیے۔
Load/Hide Comments