ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اس وقت صوبے کا بڑا مسئلہ لاء ایند آرڈر ہے، صوبے کو امن چاہئے لیکن صوبائی حکومت کا فوکس صرف جلسے اور جلوس پر ہے، اور جلسے اور جلوس سے قیدی رہا نہیں ہوتے۔
ڈیرہ اسماعیل خان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا گھمبیر مسئلہ لا اینڈ آڈر ہے، اور صوبائی حکومت امن وامان کے حوالے سے مکمل ناکام ہو چکی ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کا خیال ہے کہ جلسے کرا کر ان کا بانی رہنما رہا ہو جائے گا، خیبرپختونخوا کے عوام اور ان کے وسائل احتجاج و جلسوں میں استعمال ہورہے ہیں، صوبائی حکومت کے ماتحت اداروں میں تنخواہیں نہیں دی جارہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبہ میں روز فوجی جوانوں کے جنازے اٹھ رہے ہیں اور یہ کہتے ہیں کہ فوج صوبے سے نکل جائے۔ پولیس پر مکمل اعتماد ہے لیکن جو سہولت فوج کے پاس ہے وہ پولیس کے پاس نہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ دلیل اور دلائل سے وفاق سے پیسے لینے چاہئیں، بدمعاشی سے صوبے کو کچھ نہیں ملنے والا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے اعلان کیا کہ ڈی آئی خان میں جلد بلاول بھٹو لفٹ کینال کا افتتاح کریں گے، جس سے سبز انقلاب آئے گا۔
گورنر کنڈی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ دہشت گردی کا مقابلہ منصوبہ بندی کے ساتھ کیا جائے۔ وزیراعلی سے غیر رسمی ملاقات ہوئی تھی، انتظامیہ لا اینڈ آرڈر کا نفاذ کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، صوبے کا بڑا مسئلہ لاء ایند آرڈر کا مسئلہ ہے اور حکومت جلسوں میں لگی ہوئی ہے.
Load/Hide Comments