ویب ڈیسک: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وطن کے امن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے پاک فوج کے جوان قوم کے ہیرو ہیں، سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں تاقیامت یاد رکھی جائیں گی۔
قلات میں چیک پوسٹ پر حملے ناکام بنانے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 7جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ قوم شہدا اور ان کے باحوصلہ خاندانوں کی ہمیشہ احسان مند رہے گی۔
ایک بیان میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ، جری جوانوں نے جان پر کھیل کر 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
وزیرداخلہ کاکہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی، شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ نبھائیں گے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر ہونے والے حملے میں 7 اہلکار شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گردمارے گئے۔
Load/Hide Comments