ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خیبر پختونخوا 15سال سے سکیورٹی کی بدترین صورتحال سے گزر رہا ہے جبکہ حکومت کی توجہ صرف سیاست پر ہے۔
پشاور میں الیاس بلور کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ الیاس بلور کے قبر پر کروڑوں رحمتیں نازل فرمائیں، بلور خاندان کے ساتھ ہمارا گہرا تعلق ہے۔
مولانا فضل الرحما ن نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد قانون سازی کر کے لوگوں کو اپنے ہی ملک میں مشکوک بنادیا گیا ہے، ترامیم کے بعد ایسے قوانین بنائے جارہے ہیں جو انسانی حقوق کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کا علم نہیں کل برطانیہ سے آیا ہوں، خیبر پختونخوا 15 سال سے سکیورٹی کی بدترین صورتحال سے گزر رہا ہے، حکومت لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کے بجائے اپنی سیاست اور کرسی بچانے میں لگی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم سے شق نمبر 8 کو نکال دیا گیا، 26 ویں آئینی ترامیم کے بعد دھڑا دھڑ قانون سازی کی جارہی ہے، ملک میں انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے، ترامیم کے بعد کسی کو بھی پکڑ کر 90 دن تک رکھ سکتے ہیں۔
Load/Hide Comments