پنجاب میں سموگ کی شدت کم

پنجاب میں سموگ کی شدت کم ہونے لگی، فضا بدستور آلودہ

ویب ڈیسک: پنجاب میں سموگ کی شدت کم ہونے لگی ہے تاہم اس کے باوجود عالمی سطح پر آلودہ ترین شہروں میں لاہور دوسرے جبکہ ملتان کی فضا بھی بدستور آلودہ ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور فضائی آلودگی میں آج دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، شہر کا اے کیو آئی 449، جبکہ ملتان میں فضائی آلودگی کا معیار 318 ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم بھارت کا شہر دہلی 1226 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا۔
ماہرین موسمیات نے آئندہ دنوں میں سموگ کی شدت میں مزید کمی کی پیشگوئی کر دی ہے، جس سے لوگوں نے کسی قدر سکھ کا سانس لے لیا ہے۔ سموگ کے باعث پنجاب حکومت نے سموگ کے پیش نظر کمرشل مارکیٹوں پر پابندی میں توسیع کردی۔
محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے کمرشل مارکیٹوں پر پابندی میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ محکمہ ماحولیات کے ڈی جی کے مطابق لاہور اور ملتان میں تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیاں، کالجز اور سکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سموگ کی شدت کم ہونے لگی ہے تاہم اس کے باوجود تمام تر آؤٹ ڈور سرگرمیاں جن میں کھیل، نمائش اور فیسٹیولز وغیرہ شامل ہیں ان پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہوگی۔
اعلامیہ کے مطابق ملتان اور لاہور میں تعمیراتی سرگرمیوں پر مکمل بین 24 نومبر تک ہوگا۔ فرنس آئل اور اینٹوں کے بھٹوں پر بھی 24 نومبر تک جبکہ ضلع لاہور میں فائر ورکس پر 31 جنوری تک پابندی ہوگی۔ محکمہ ماحولیات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملتان اور لاہور میں ہیوی وہیکلز کے داخلے پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہوگی ، تمام مارکیٹیں، دکانیں اور شاپنگ مالز رات آٹھ بجے بند کرنا ہوں گے۔

مزید پڑھیں:  آسام میں ہوٹلوں پر گائے کے گوشت کے استعمال پر پابندی